ساؤتھ ہمپٹن ( نمائندہ جنگ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے نو منتخب سینئر نائب صدر چوہدری زیارت حسین نے بتایا ہے کہ آزادکشمیر میں 30اپریل کو آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کا مرکزی کنونشن منعقد ہورہا ہے جس میں تجدید الحاق پاکستان اور پاکستان کے ساتھ رشتے مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس نظریہ الحاق پاکستان کی داعی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ اور پہرہ دار ہے، ہم رئیس الحرار چوہدری غلام عباس اور مجاہد اوّل سردارعبدالقیوم خان کے قافلے کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت پاکستان کے ساتھ ہماری کمٹمنٹ نظریاتی بنیادوں پر ہے، انہوں نے کہا کہ مرکزی صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کا باغ آزاکشمیر میں 87ویں مرکزی کنونشن کا فیصلہ کارکنوں کے دل کی آواز ہے جس سے برطانیہ میں بھی تنظیمات کے اندر نیا جوش وخروش پیدا ہوگیا ہے جبکہ موجودہ حالات کا بھی یہی تقاضا تھا کہ ایک ایسے جامع پروگرام کا انعقاد بیس کیمپ کے اندر کیا جائے جس سے تحریک آزائ کشمیر اور نظریہ الحاق پاکستان کو تقویت ملے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب آزادکشمیر پر مسلم کانفرنس کی حکومت ایک وژنری اور روشن خیال لیڈر سردار عتیق احمد خان کی سربراہی میں قائم ہوگی اور اس میں برطانوی کشمیریوں کی بھی حقیقی نمائندگی ہوگی۔