کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے وہ مالی، اخلاقی و نظریاتی کرپشن میں ملوث ہے۔خون کے آخری قطرے تک ملک کے اندر نظام مصطفی ؐ کے لیے جدوجہد کریں گے ،بد امنی ،بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کی کوشش کریں گے اور قائد اعظم کے وعدے کے مطابق ملک کو مدینہ منورہ جیسی ماڈل اسٹیٹ بنائیں گے۔ وہ جماعت اسلامی کراچی کے تحت حسن اسکوائر پر عظیم الشان ’’تحفظ ناموس رسالتؐ مارچ ‘‘کے لاکھوں مرد و خواتین شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ مارچ سے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، اسلامی تحریک پاکستان کے رہنما علامہ ناظر تقوی،تنظیم اسلامی کراچی کے امیر شجاع الدین شیخ،جماعت الدعوۃ کراچی کے امیر ڈاکٹر محمد مزمل اقبال ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما صدیق راٹھور ،مہتمم دارالخیر صاحبزادہ احمد الرحمن،جامعہ قمر الا سلا م کے مہتمم پیر سید عظمت علی شاہ ہمدانی، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم ہاشم یوسف ابدالی، امیر کراچی عالمی تحفظ ختم نبوت مولانا اعجاز مصطفی اور ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ عظیم الشان ملین مارچ کے انعقاد پر میں جماعت اسلامی اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دیتاہوں جنہوں نے ثابت کردیا ہے کہ امریکی حواریوں نے امت پر جو جنگ مسلط کی ہے ایسے ماحول میں یہ عظیم الشان مارچ ایک امید کی کرن ہے اور عوام امریکی ایجنٹوں سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے تیار ہیں۔نبی کریم ؐ کی محبت سے سرشار عوام آج یہ اعلان کرتے ہیں کہ گستاخ رسول ؐ کی سزاصرف موت ہے۔غازی عبد القیوم،غازی علم دین ،غازی ممتازقادری ،غازی عامر چیمہ ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت پر پابندی لگائی جارہی ہے جو نیکی کا پیٖغام پھیلاتے ہیں۔آج ملک میں کرپشن ہے ،ہر بچہ مقروض ہے حکمرانوں نے 375ارب ڈالر باہر کے بنکوں میں منتقل کیا ہے۔ جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان کی تحریک شروع کی ہے اور ملک کے کرپٹ حکمرانوں کو ختم کرنے تک تحریک جاری رہے گی۔ ہم قوم کی لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائیں گے۔ ناموس رسالتؐ تحریک ملک کے کوچے کوچے میں چلے گی۔ اندرون سندھ عظیم الشان مارچ ہوں گے اور پھر لاہور میں بھی ناموس رسالتؐ مارچ ہوگا۔ ہم ملک کو مدینہ کی ماڈل ریاست کی طرح ریاست بنانےکی جدو جہد میں تمام لوگوں کو شریک کرنا چاہتے ہیں پاکستان شہداء کی امانت ہے اور ہم اس مانت میں خیانت نہیں کریں گے۔ حکومت نے کروڑوں ممتاز قادری پیدا کردیے ہیں۔