• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ انگلینڈ،پی سی بی کےمطالبےپرکرکٹرزکیلئےنیاسیکورٹی پلان مرتب

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر انگلش بورڈ نے پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے نیا سیکیورٹی پلان جاری کیا ہے ۔ خاص طور پر مساجد میں نمازوں کے ادائیگی کے لئے میزبان بورڈ کے سیکیورٹی حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ جمعے کو مسجد میں سیکیورٹی حصار میں پاکستانی کرکٹرز نماز ادا کریں گے۔ انگلش بورڈ کی طرح آئی سی سی بھی اسی طرح کا سیکیورٹی پلان لائے گی۔ منگل کی شام پاکستانی کرکٹ ٹیم جب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتری تو کھلاڑیوں اور آفیشلز کو عام مسافروں کے بجائے خصوصی انتظام کئے گئے کمرے میں بٹھا کر کلیئر کرادیا گیا اور آدھے گھنٹے میں ہوٹل روانہ کردیا گیا۔ ہیتھرو کا شمار دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں ہوتا ہے اور معمول کے مطابق جب بھی کوئی غیر ملکی ٹیم لندن پہنچتی ہے اسے عام مسافروں کے ساتھ امیگریشن لائن میں کھڑے ہوکر پراسس سے گذارا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ ذاکر خان نے آئی سی سی اور ای سی بی کو خط تحریر کئے تھے کہ پاکستانی کھلاڑ ی بھی مساجد میں جاتے ہیں اور خاص طور نماز جمعہ کی ادائیگی مسجد میں کرتے ہیں۔ چوں کہ نیوزی لینڈ میں بنگلہ دیش کی ٹیم بال بال بچ گئی تھی اس لئے انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے لئے سیکیورٹی کے خاص انتظات کئے جائیں جس کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کے لئے نیا سیکیورٹی پلان بھیجا تھا۔ ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم کی میزبانی انگلینڈ بورڈ کررہا ہے۔ پاکستانی ٹیم ہیتھرو پہنچی تو امیگریشن حکام کے ساتھ آئی سی سی ایونٹ اور لاجسٹکس کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے سیکیورٹی آفیسر میجر (ر) اظہر کے ساتھ انگلش بورڈ کے ونز نامی سیکیورٹی آفیسر ہیں۔ ونز سابق اینٹیلی جنس افسر ہیں۔ تاہم ٹیم بس کے ساتھ سیکیورٹی کی کوئی گاڑی موجود نہیں تھی۔

تازہ ترین