پاکستانی ماڈل و اداکار آمنہ الیاس کی نئی فلم ‘ریڈی اسٹیڈی نو‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ۔
فلم کی کہانی دو محبت کرنے والوں پر مبنی ہے جو شادی کرنے کے لیے بےتاب ہیں اور انہیں شادی کے لیے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آمنہ الیاس اور فیصل سیف بھاگ کے شادی کر رہے ہیں جبکہ ایک جگہ اداکارہ ایک شادی میں رقص بھی کر رہی ہیں جس میں انہوں نے خوبصورت نیلے رنگ کا لہنگا زیب تن کیا ہوا ہے۔
فلم ’ریڈی اسٹیڈی نو ‘ کے ٹریلر میں کرداروں کو مزاحیہ سین کرتے بھی دکھایا گیاجس سےبخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ‘ریڈی اسٹیڈی نو‘ ایک ریمکوم فلم ہے جس میں کامیڈی اور رومانوی تڑکا ہے۔
حیشام بن منور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ریڈی اسٹیڈی نو‘ کی کاسٹ میں آمنہ الیاس سمیت سلمان شاہد، فیصل سیف، زین افضل، نرگس رشید اور اسماعیل تارا شامل ہیں۔
یاد رہےآمنہ الیاس اس وقت اپنی دوسری فلم ’باجی‘ کی تشہیر سمیت ‘ریڈی اسٹیڈی نو‘ کی عکس بندی میں بھی مصروف ہیں۔
فلم ‘ریڈی اسٹیڈی نو‘ رواں برس 18 نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔