اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سینیٹر رضا ربانی کی کتاب اوجھل لوگ کی اردو ترجمہ کے ساتھ تقریب رونمائی ہوئی۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا بنیادی مسئلہ قانون کی حکمرانی ہے ۔ بدقسمتی سے اس معاشرے کا حصہ ہوں جو اپنے کلچر سے آگاہ نہیں ، میری اردو میں لکھنے کی صلاحیت موجود نہیں، یہ بہت بڑی کمی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں قانون کے پانچ معیار ہیں ،آپ کا تعلق فوجی اشرافیہ سے ہے تو آپ کے لیے الگ قانون ، سویلین اشرافیہ سے ہیں تو الگ قانون کا اطلاق ہے ۔ اگر اپ اشرافیہ سے ہیں تو قانون کا اطلاق الگ ،امیر اور طاقت ور ہیں تو انصاف کو خریدنا آپ کے لئے ممکن ہے، اگر آپ میری طرح عام شہری ہیں تو قانون بھرپور طاقت سےلاگو ہو گا ۔ رضا ربانی نے کہا کہ وہ لوگ جو پاکستان کی اکثریت ہیں ، کیا حقیقت نہیں کہ ہم اپنے لوگوں کو بھول گئے ہیں ،آج بھی اس بات کو سوچنے پر مجبور ہوں ،اندر سے آواز کو محسوس کرتا ہوں تم ان باتوں پر عمل نہیں کرتے۔