• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ بار انتخابات: آصف ریکی صدر اور خوشحال کاسی جنرل سیکرٹری منتخب

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں پروفیشنل پینل کے محمد آصف ریکی ایڈووکیٹ صدر اور خوشحال کاسی ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ فنانس سیکرٹری کے علاوہ باقی تمام عہدوں پر پروفیشنل پینل کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی۔ کوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے پولنگ ہفتہ کو بلوچستان ہائی کورٹ کے بلڈنگ میں ہوئی جس میں وکلاء نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ، انتخابات میں شکیل وکلاء پینل اور پروفیشنل پینل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا غیر حتمی نتائج کے مطابق پروفیشنل پینل کے محمد آصف ریکی 322 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مدمقابل شکیل وکلاء پینل کے قاری رحمت اللہ نے 308 ووٹ لے کر دوسرے اور ڈیموکریٹ پینل کے محمد افضل حریفال 61 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ جنرل سیکرٹری کیلئے خوشحال کاسی 397 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ہادی شکیل وکلاء پینل کے عبد القدوس بنگلزئی 224 ووٹ لے کر دوسرے اور ڈیموکریٹ پینل کے منیر احمد لانگو 72 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ دیگر عہدوں پر بھی پروفیشنل پینل کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی ان میں معراج ترین نائب صدر ، منظور احمد کاکڑ جوائنٹ سیکریٹری بینش سکندر لائبریری سیکرٹری کے عہدوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر شکیل وکلاء پینل کے عبدالجبار موسیٰ خیل کامیاب ہوئے ۔ درایں اثناء سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ ، بلوچستان ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری نادر چھلگری ایڈووکیٹ ، بلوچستان بار کونسل کے راحب خان بلیدی، حاجی عطاء اللہ لانگو، منیر احمد کاکڑ، سلیم لاشاری، منظور احمد بنگلزئی ، نصیب اللہ ترین اور ساجد ترین نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیدار وکلاء کے حقوق، عدلیہ کی آزادی اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے بھرپور جدوجہد کریگی۔ وکلاء برادری نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ ان پر پورا اتریں گے ۔
تازہ ترین