کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) رمضان المبارک کے دوران کوئٹہ میں 5 مقامات پر سستے و سہولت بازار لگائے جائیں گے ، جہاں عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش سمیت دیگر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ، یہ بات ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن فاروق لانگو ، مرکزی انجمن بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ اور سستا و سہولت بازار کے آرگنائزر ارباب حیات نے ہفتہ کو خوشحال روڈ پر قائم کئے جانے والے روزانہ سستا و سہولت بازار کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پرمرکزی انجمن تاجران ہزار گنجی کے صدر عبدالخالق آغا ، اللہ داد ترین ، حضرت اچکزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے ،ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن فاروق لانگو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں 5 سستے و سہولت بازاروں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ رمضان المبارک کے دوران کوئٹہ کے شہریوں کو مناسب داموں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ، سہولت بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ کچرا اٹھائے گا ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ کوئٹہ شہر میں صفائی کیلئے دن رات مصروف ہے عوام اور تاجروں کو بھی چاہئے کہ وہ کچرہ جگہ جگہ پھینکنے کی بجائے ایک جگہ رکھیں تاکہ کارپوریشن کا عملہ کچرا اٹھاکر ٹھکانے لگاسکے ۔ روزانہ سستا و سہولت بازار کے آرگنائزر ارباب حیات نے بتایا کہ کوئٹہ شہر میں سریاب روڈ اور خوشحال روڈ پر عوام کی سہولت کیلئے 2 سستے بازاروں کا انعقاد کیا جارہا ہے ، دونوں بازاروں میں 500 کے قریب دکانیں قائم کی گئی ہیں جہاں عوام کو روزمرہ ضرورت زندگی کی تمام اشیاء کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے جلد ہی کوئٹہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے سستے بازاروں کا انعقاد کیا جائے گا ۔مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ نے سستا سہولت بازار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سستے بازاروں کا انعقاد شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ہونا چاہئے تاکہ عوام کو گھروں کے نزدیک مناسب نرخون پر روزمرہ کی ضرورت زندگی کی فراہمی ممکن ہوسکے ، انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان سستے و سہولت بازاروں کے انعقاد کے لئے ہرممکن تعاون کرے گی ۔