کراچی(ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ریاست کو ابھی تک الطاف حسین کے’’ را ‘‘سے تعلقات کے ثبوتوں کی تلاش ہے، الطاف حسین کے ’’را ‘‘سے تعلقات کے ٹھوس شواہد نہیں ہیں، الطاف حسین برطانوی پاسپورٹ پھاڑیں اور پاکستان آجائیں، بلاول کی تمام جماعتوں کے ساتھ تعاون کی بات اچھی ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ایم کیو ایم کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ،پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ اور تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق بھی شریک تھے۔سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان آئیں گے، انہوں نے پاکستانی ویزے کیلئے فارم حاصل کرلیا ہے، چوہدری نثار الطاف حسین فوبیا میں نفسیاتی ہوگئے ہیں، بلاول بھٹو ابھی سیاست سیکھنے کے مراحل میں ہیں۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ ادارے مصطفی کمال اور ذوالفقار مرزا سے دوستانہ انداز میں بات کررہے ہیں، احتساب کرنے والوں کو سب سے زیادہ حق سندھ میں حاصل ہے، بلاول بھٹو کم عمر مگر میچور سیاستدان ہیں۔نعیم الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کا پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف تعاون ممکن ہے، ریاست کے پاس الطاف حسین کے’’ را‘‘ سے تعلقات کے شواہد نہ ہونا اچنبھے کی بات ہے۔ نہال ہاشمی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو ابھی تک الطاف حسین کے’’ را‘‘ سے تعلقات کے ثبوتوں کی تلاش ہے، الطاف حسین کے ’’را ‘‘سے تعلقات کے ٹھوس شواہد نہیں ہیں، الطاف حسین برطانوی پاسپورٹ پھاڑیں اور پاکستان آجائیں، الطاف حسین کواپنے خلاف الزامات پر پاکستانی عدالتوں میں پیش ہوں، جس وقت مصطفی کمال کراچی کے ناظم تھے الطاف حسین نے بھارت میں پاکستان کیخلاف بات کی تھی، مصطفی کمال الطاف حسین کے قریبی ساتھی رہے ہیں ، ممکن ہے ان کے پاس ایم کیو ایم کے’’ را‘‘ سے تعلقات کے شواہد ہوں ،اسی لئے شاہد حیات نے ان سے ملاقات کی ہے، مصطفی کمال کا الطاف حسین پر’’ را‘‘ سے تعلقات کا الزام لگانا کافی نہیں ہے انہیں ثبوت بھی دینا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول کی تمام جماعتوں کے ساتھ تعاون کی بات اچھی ہے، یہی سوچ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کی بھی تھی، ترقی کیلئے کرپشن کا خاتمہ، نوکریوں اور ٹرانسفرپوسٹنگ کی خرید و فروخت بند ، امن و امان کی صورتحال بہتر اور قومی وسائل پر ڈاکا نہیں پڑنا چاہئے۔ سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ الطاف حسین بالکل پاکستان آئیں گے، الطاف حسین کو پاسپورٹ مل گیا ہے اور انہوں نے پاکستانی ویزے کیلئے فارم حاصل کرلیا ہے، دیگر ممالک میں جانے کا بھی شیڈول بن رہا ہے، چوہدری نثار الطاف حسین فوبیا میں نفسیاتی ہوگئے ہیں، برطانوی قانون ایم کیو ایم کو ریلیف دے رہا ہے تو چوہدری نثار کو مایوسی ہورہی ہے،الطاف حسین نے ہمیشہ تہذیب، تمیز اور اخلاقیات کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر’’ را‘‘ سے متعلق الزامات 92ء سے لگ رہے ہیں، ایم کیو ایم پر جناح پور، علیحدہ صوبہ اور غداری کے الزامات آج تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیے گئے، ایم کیو ایم پرویز مشرف ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حلیف رہی لیکن اس وقت کسی کو خیال نہیں آیا کہ ہم ’’را‘‘ کے ایجنٹ ہیں۔سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ بلاول بھٹو ابھی سیاست سیکھنے کے مراحل میں ہیں، اگر بلاول بھٹو اپنے بیان میں اے این پی اور ایم کیو ایم کا بھی نام لے لیتے تو زیادہ اچھا ہوتا۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ اپنے خلاف الزامات پر وضاحت رحمن ملک ہی کرسکتے ہیں، اگر کوئی پارٹی’’ را‘‘ سے رابطے میں ہے تو اسے سخت سزا ملنی چاہئے، شاہد حیات نے بہت دوستانہ انداز میں مصطفی کمال سے بات کی ہے، اسی طرح ذوالفقار مرزا سے بھی تحقیقات کم اور گفتگو زیادہ ہوتی ہے۔