• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’نوے کی دہائی کے اداکار کیا مجھ سے متفق ہیں؟‘‘

بالی ووڈ کی پر کشش اداکارہ کاجول نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پرانی تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی نوے کی دہائی کے اداکاروں سے یہ بھی پوچھ لیا کہ ’’کیا آپ مجھ سے متفق ہیں؟‘‘

بھارتی اخبار ٹائمزنائو کے مطابق اداکارہ کاجول نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جو کہ 1997 میں ریلیز ہونے والی اُن کی فلم ’عشق‘ کی شوٹنگ کے دوران لی گئی تھی جس میں وہ دھوپ کی شدت میں میک اپ کرتی نظر آرہی ہیں جبکہ کاجول کا میک اپ آرٹسٹ اُن کے لیے شیشہ لیے کھڑا ہے۔


اداکارہ کاجول نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’بڑے موبائل فونز، سارا دن فلم کے سیٹ پر بیٹھے رہنا کیونکہ کمرے سیٹ سے کافی دور ہوتے تھے اور گاڑیاں میسر نہیں تھیں جو اُن کو سیٹ سے کمرے تک لے جائیں، اس کے باوجود 14 گھنٹے کام کرتے تھے چاہے گرمی ہو یا بارش لیکن اس کے باوجود خوبصورت نظر آتے تھے۔‘

انہوں نے مزید 90 کی دہائی کے اداکاروں جن میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان، عامر خان اور جوہی چاولہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لوگوں کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟‘

واضح رہے کہ اداکارہ کاجول، اجے دیوگن، عامر خان اور جوہی چاولہ کی فلم ’عشق‘ رومانوی اور مزاحیہ فلم تھی جوکہ سال 1997 میں اندرا کمار کی ہدایت کاری میں بنائی گئی تھی اور اُس وقت کی ہٹ فلموں میں سے ایک تھی۔

دوسری جانب کاجول آئندہ سال اپنے شوہر اجے دیوگن کے ساتھ فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی جس میں ان کے ساتھ بالی ووڈ کے نواب اداکار سیف علی خان بھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔

تازہ ترین