دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت افضل ترین عبادت ہے۔ انسانیت کی خدمت میں ہی روحانی سکون ہے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات ماننے سے ہی دین ودنیا کی بھلائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری ارمغان نے بھاگووال میں ملک محمد یوسف اور ملک محمد یونس کی طرف سے منعقدہ سالانہ تقریب تقسیم جہیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔
اس موقعےپر ملک یوسف اور ملک یونس کے والدین، ملک نواز مرحوم اور ماریہ یونس مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے ایک عظیم الشان محفل میلاد مصطفی ﷺاہتمام بھی کیا گیا ،جس میں معروف قاری حبیب اللہ چشتی نے قرآن پاک کی تلاوت اور احمد رضا جماعتی نے شان مصطفی ﷺبیان کرکے تقریب کے شرکاء کے قلوب کو روحانیت سے منور کردیا۔تقریب میں نامور سیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔جن میں سابق صوبائی وزیر چوہدری غلام عباس، ہیر اینڈ اسکن کیئر کمیٹی لاہور چیمبر آف کامرس آغانعمت اللہ مظہر،مسلم لیگ ٹوکیوکے صدر شیخ ذوالفقار، مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر نبی احمد فراز، مسلم لیگ یوتھ ونگ گوجرانوالہ ڈویژن چوہدری فاروق گھمن اور دیگر معززین شامل تھے۔
تقریب میں ملک یوسف اور ملک یونس کی طرف سے ایک سو مستحق خاندانوں میں بچیوں کی شادی کے لئے جہیز کا سامان تقسیم کیاگیا اور پانچ سو مستحق خاندانوں کی نقد رقم کی صورت میں مالی امداد کی گئی۔ اس موقعے پر رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے کہاکہ انسانیت کی خدمت کے لئے ہمیں معاشرے میں متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔چودھری ارمغان سبحانی نے ملک یونس کی جانب سے جہیز پیکج کی تقسیم پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ کی بنیاد پر جہیز پیکج تقسیم کرنا انتہائی اہم کام ہے، اس سے نہ صرف غریب اور مستحق افراد کی ضروریات مکمل ہوجاتی ہیں بلکہ انہیں سہولیات میسر آجاتی ہیں۔
اس موقعے پر مسلم لیگ (ن) جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہم میں موجود ہے۔ انسانیت کی خدمت کے لئے مشترکہ اور گرانقدر خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔سالانہ جہیز پیکج کی تقسیم انتہائی خوبصورت اور دلکش منصوبہ ہے ،جس کے لئے ہرسال مزید اضافہ کریں گے۔