• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سویا بین، مسور، مونگ یا چنا؟ کس دال میں ہے سب سے زیادہ پروٹین؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

دالیں اور پھلیاں ہزاروں برس سے انسانی غذا کا حصہ ہیں، یہ سستی، آسانی سے دستیاب، ماحول دوست اور پروٹین سے بھرپور  ہوتی ہیں جو خاص طور پر پاکستان جیسے زرعی ملک میں روزمرہ کی خوراک کی بنیاد سمجھی جاتی ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق دالیں خشک حالت میں 21 سے 25 فیصد پروٹین فراہم کرتی ہیں جبکہ پکی ہوئی دال میں اوسطاً 8 گرام پروٹین فی 100 گرام پایا جاتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ صفر کولیسٹرول، فائبر، آئرن، فولک ایسڈ، میگنیشیئم اور وٹامن بی بھی موجود ہوتے ہیں۔

ہر سال 10 فروری کو دنیا بھر میں ’ورلڈ پلسز ڈے‘ منایا جاتا ہے، اقوامِ متحدہ نے 2019ء میں 10 فروری کو ورلڈ پلسز ڈے قرار دیا تاکہ غذائی تحفظ، صحت اور پائیدار زراعت میں دالوں کے کردار کو اجاگر کیا جا سکے۔ 

تحقیق کے مطابق دالیں ناصرف کم لاگت میں پروٹین فراہم کرتی ہیں بلکہ گوشت کے مقابلے میں ماحول پر کم اثر ڈالتی ہیں۔

سب سے زیادہ پروٹین والی دالیں:

سویا بین (Soybean)

سب سے زیادہ پروٹین سویا بین میں پایا جاتا ہے، اس میں خشک حالت میں پروٹین کا مواد 36-40 گرام فی 100 گرام جبکہ پکنے کے بعد 100 گرام میں 10.6 گرام پروٹین پایا جاتا ہے۔ 

اس میں تمام ضروری امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں۔

ہارس گرام (کُلتھی دال)

ہارس گرام یا کلتھی کی دال کے 100 گرام میں خشک حالت میں 22 سے 25 گرام پروٹین پایا جاتا ہے جبکہ یہ غذائیت سے بھرپور دال ہے۔

مونگ دال

ہلکی اور آسانی سے ہضم ہونے والی مونگ کی دال کے 100 گرام میں 24 گرام پروٹین پایا جاتا ہے، یہ دال بیماری اور بچوں کے لیے مفید سمجھی جاتی ہے۔

مسور دال

جَلد پکنے والی مسور کی دال کے 100 گرام میں 25 گرام پروٹین پایا جاتا ہے، یہ دال آئرن اور فولک ایسڈ سے بھی بھرپور ہوتی ہے۔

چنا (کابلی چنا)

100 گرام چنے میں 19 گرام پروٹین پایا جاتا ہے، اس کا زیادہ تر استعمال چاٹ یا سلاد میں کیا جاتا ہے۔

راجمہ (لال لوبیا)

لال لوبیے یا راجمہ کے 100 گرام میں  22 سے 24 گرام پروٹین پایا جاتا ہے، فائبر سے بھرپور  یہ پھلی دل کی صحت کے لیے مفید ہے۔

ماہرین کا مشورہ:

ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ دالوں کو پکانے سے پہلے ہمیشہ ایک یا آدھا گھنٹہ بگھو لیں، اچھی طرح گلائیں، وٹامن سی والی سبزیوں یا لیموں کے ساتھ استعمال کریں اور مختلف دالوں کو باری باری خوراک میں شامل کریں۔

ورلڈ پلسز ڈے کے موقع پر ماہرین کا کہنا ہے کہ دالیں صرف سادہ غذا نہیں بلکہ صحت، توانائی اور ماحول کے تحفظ کی علامت ہیں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید