• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید افضل گورو و مقبول بٹ کے اجساد خاکی لواحقین کے حوالے کیے جائیں: علی رضا سید

علی رضا سید----تصویر بشکریہ رپورٹر
علی رضا سید----تصویر بشکریہ رپورٹر

برسلز میں کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کے عظیم سپوتوں شہید افضل گورو اور شہید مقبول بٹ کے اجسادِ خاکی کو مقبوضہ کشمیر میں ان کے لواحقین کے حوالے کرے تاکہ وہ اپنے رسم و رواج کے مطابق شہداء کی آخری رسومات ادا کر سکیں اور درست طریقے سے ان اجساد کی تدفین ہو سکے۔

افضل گورو اور مقبول بٹ کی برسی کے ایام کی مناسبت سے چیئرمین کونسل ای یو علی رضا سید نے دونوں شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عظیم کشمیری سپوتوں نے شمع کی مانند تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو روشنی فراہم کی ہے۔

 واضح رہے کہ 9 فروری کو کشمیری حریت پسند محمد افضل گورو کی برسی کا دن ہے، افضل گورو کو بھارت کی تہاڑ جیل میں 9 فروری 2013ء کو پھانسی دے کر ورثاء کی اجازت کے بغیر وہیں دفن کر دیا گیا تھا۔

 اس سے قبل محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984ء کو اسی جیل میں پھانسی دے کر ان کے جسدِ خاکی کو بھی ان کے ورثاء کی مرضی کے خلاف جیل میں ہی دفن کر دیا گیا تھا۔

علی رضا سید نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو پھانسیاں دے کر تحریکِ آزادیٔ جموں و کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا، اسے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو قبول کرنا ہو گا اور کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا حق انہیں دینا ہو گا، یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ حق ہے جس کو دینے کا وعدہ خود بھارت بھی کر چکا ہے۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پُرامن طریقے سے مذکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے، مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ مسئلہ خطے کی ڈیڑھ ارب سے زائد آبادی کی ترقی اور خوش حالی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے عالمی برداری خصوصاً اقوامِ متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری پابندیاں ختم کرنے، سیاسی رہنماؤں کی رہائی اور ماورائے عدالت قتل و غارت کی روک تھام کا بھی مطالبہ کیا۔

علی رضا سید نے یاسین ملک اور دیگر سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت نے انہیں جھوٹے الزامات کے تحت قید و بند کر رکھا ہے۔

بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کشمیر کونسل ای یو کے زیرِ اہتمام کونسل کے مرکزی سیکریٹریٹ برسلز میں افضل گورو اور مقبول بٹ کی یاد میں 10 فروری کو ایک تقریب بھی منعقد ہو گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید