پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار خٹک اور سجل علی کی چھوٹی بہن صبور علی نےحالیہ ایک ویڈیو کے ذریعے مافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کاکسی کی دل آزاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور وہ اپنے سب مداحوں سے معافی چاہتی ہیں ۔
گزشتہ ہفتے صبور علی نے سماجی رابطےکی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں وہ ایک کھڑکی صاف کرتے محنت کش کا تمسخر اُڑاتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ اس کی ماں نے اس کے لئے کیا کیا خواب دیکھے ہونگے اور یہ یہاں کھڑکی صاف کر رہا ہے، سیٹ پر موجود صحیفہ جبار نے کہا یہ اپنے گھر میں اُٹھ کر اپنا بستر بھی سیدھا نہیں کرتا ہو گا اور یہاں یہ کھڑکی صاف کر رہا ہے۔
ویڈیو انسٹا گرام پر آتے ہی وائرل ہو گئی اور دونوں اداکاروں کو ان کے مداحوں سوشل میڈیا پر خوب آرے ہاتھوں لیا ، جس پردونوں اداکاروں نے پہلے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے بتایا کہ سیٹ پر کھڑکی صاف کرتا وہ شخص اُن کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہے اور کام کے دوران ایسا مذاق چلتا رہتا ہے۔
صحیفہ جبار کا کہنا تھا کہ آپ سب تصویر کا ایک رُخ دیکھ کر تنقید کر رہے ہیں جب کہ تصویر کا دوسرارُخ یہ ہے کہ احسان شیخ ہمارے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیں اور ہمارا کام کے دوران ایسا مذاق کرتے رہنا معمول کی بات ہے۔
دونوں اداکاروں کی جانب سے وضاحت کے بعد بھی تنقید کا سلسلہ نہیں رُکا ، جس پر دونوں اداکاروں نے احسان شیخ کے ساتھ ویڈیو جاری کی ہے جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسان شیخ کا کہنا ہے ہم سب دوست ہیں اورفیملی کی طرح سیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کرتے ہوئے کام کرتے ہیں تاکہ آپ لوگوں کو اچھی طرح انٹرٹین کر سکیں یہ معمول کی بات ہے اور سیٹ پر ایسا چلتا رہتا ہے۔
ویڈیو کے آخر میں صبور علی اور صحیفہ جبار نے دوبارہ معافی مانگتےہوئےکہا کہ اُن کا کوئی ارادہ نہیں تھا کسی کا مذاق اُڑانے کا، اب آپ لوگ بھی ہمیں معاف کر دیں اور اپنے دل صاف کر لیں اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو ہم معذرت خواں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوائے معافی کے ہمارے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔