اسلام آباد (ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تمام کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع دیدی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آصف زرداری کی ضمانتوں کی 7 مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت 5 ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کر رہی تھی تاہم آج آصف زرداری کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی مزید دو درخواستیں دائر کی گئیں۔ سابق صدر کی جانب سے دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے، اسلئے نیب کو گرفتاری سے روکا جائے اور ضمانت منظور کی جائے۔ سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ʼیہ تو لگتا ہے طلبیوں اور ضمانتوں کا سیلاب آرہا ہے۔