کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر میاں رضا ربانی نےکہا ہے کہ حکومت نے پاکستان کی معاشی خود مختاری آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے ۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ پر پارلیمنٹ اور مشترکہ مفادات کونسل کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی کوئی تفصیل پارلیمنٹ میں بیان کی گئی ہے ۔ انہوں نےحکومت آئی ایم ایف معاہدے کو آئین اور جمہوری روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر دونوں ایوانوں کو اعتماد میں لیا جائے ۔ وہ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقارمہدی اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی بھی موجود تھے ۔میاں رضاربانی نے کہا کہ 12مئی کو آئی ایم ایف کے جاری ہونے والے اعلامیہ سے واضح ہوگیا کہ اب حفیظ شیخ کو پارلیمنٹ میں بجٹ تقرر کی ضرورت نہیں ۔آئی ایم ایف اعلامیہ میں آئندہ بجٹ کے تمام اہداف قبل از وقت بتادیئے گئے ہیں ۔