اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ کا این ایف سی ایوارڈ سے متعلق بیان آئی ایم ایف کے بیان سے متصادم ہے ۔ یا تو مشیر خزانہ آئی ایم ایف کی توقعات سے آگاہ نہیں ، یا پھر عوام کو دانستہ طور پر گمراہ کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کا این ایف سی ایوارڈ سے کوئی تعلق نہیں ،مشیر خزانہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں رضاربانی نے کہا کہ مشیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا این ایف سی ایوارڈ سے کوئی تعلق نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے پر تاحال پارلیمان یا کابینہ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔ اس کا مقصد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں طے پا جانے والی خفیہ شقوں کو پوشیدہ رکھنا ہے۔ ڈالر کی فری فلوٹ سے پہلے ہی دن ڈالر کی قیمت میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان کا بیرونی قرضہ 667 ارب روپے تک بڑھ گیا ہے ۔