پشاور ( آن لائن ) پشاور ہائی کورٹ نے رویت ہلال کمیٹی کیس میں وفاقی حکومت اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں رویت ہلال کمیٹی کو چاند دیکھنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس عبدالشکور نے کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں چاند کی رویت پر مسائل پیدا ہورہے ہیں دو دو عیدیں منائی جاتی ہیں۔ عدالت نے وفاقی حکومت،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ایک طویل عرصے سے عید ین کے چاند کی رویت کے حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے اور ہر سال ملک کے دو عیدیں منائی جاتی ہیں۔