اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مغربی دنیا کا دہرا معیار یہاں سے واضح ہے کہ وہ بعض مسلم ممالک پرپابندیاں لگا رہا ہے۔ تاہم مغربی دنیا مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی اور تشدد کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرنے والے ملک بھارت کو بغیر روک ٹوک ایسا کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر بھارتی قابض فوج کی جانب سے تشدد بطور ریاستی پالیسی قابل مذمت ہے، اس حوالے سے جموں کشمیر سول سوسائٹی اتحاد کی رپورٹ مغربی دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے، اور آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہونی چاہیے۔ اقوام متحدہ بھی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں عوام کے حق رائے دہی پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکام رہا ۔ اقوم متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جنسی زیادتی ، تشدد ، ماورائے عدالت قتل کی رپورٹس پر آزادانہ بین الاقوامی تحقیقیات کرانے میں ناکام رہا ۔ یہ باتیں اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر پر اپنی پہلی رپورٹ میں تجویز کی تھیں ۔ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعوی کرتا ہے ۔