• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا وہم ہے یا پھر واقعی ہماری زندگی تیز رفتار ہو گئی ہے، جو بھی ہے لیکن اس تیز رفتار دورمیں ہمارا طرزِ زندگی بری طرح متاثر ہورہاہے۔ ہمارے سونے، جاگنے، کھانے پینے اور ملنے جلنے کے معمولات کافی حد تک بدل چکے ہیں، جس کے اثرات ہماری صحت، معاشرت اور روّیوں پر بھی رونما ہو رہے ہیں۔ اس تمام تر صورتحال کے ہم ذمہ دار ہیں یا پھر بے خیالی اور زمانے کی روش میں ہم نے اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ان تمام عادات و معمولات کو یکسر بھلادیاہے، جن کو اپنائے رکھنے سے نہ صرف ہم ایک صحت مند، بھرپور اور آئیڈیل زندگی گزار رہے تھے بلکہ زندہ رہنے کی خوشی ہمارے چہروں سے جھلکتی تھی۔ دیگر عوامل اور محرکات کوچھوڑ کر اگر ہم صرف کھانے پینے کے معمولات پر ہی ایک نظر ڈالیں تو ہمیں اندازہ لگانے میں قطعی کوئی مشکل نہیں ہوگی کہ ہم زندگی کا یہ اہم معمول اپنی بےجا یا نام نہاد مصروفیت کے ہاتھوں خراب کرچکے ہیں۔ اس کی مثال یوں سمجھیں کہ انسانی روزگار کا سب سے بڑا محرک پیٹ کی آگ بجھانا ہے،لیکن آپ اتفاق کریں گے کہ کام کی زیادتی کی وجہ سے یا تو آپ وقت پر کھانا نہیں کھا پاتے یاپھر کھاناہی چھوڑ دیتے ہیں۔

ہمارا مذہب اسلام ہمیں ایک مکمل نظام حیات دے چکاہے، لیکن بدقسمتی سے ہم اس پر عمل کرنے کے بجائے کسی اور ڈگر پر چل رہے ہیں۔ اگر ہم اسلام کے بتائے کھانا کھانے کے آداب پر عمل کریں تو نہ صرف ہم بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہیں گے بلکہ ایک اچھے خاندانی نظام کو پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ ایک مطمئن و مسرور زندگی بھی گزار سکیں گے۔

کھانے کے آداب

٭ کھانا کھانے سے پہلے دونوں ہاتھ دھو لینے چاہئیں۔

٭ ہاتھ دھونے کے بعد کپڑے ،رومال یا تولیے سے انہیں خشک کرنا چاہیے۔

٭ کھانا شروع کرنے سے قبل اتنی آواز میں پوری بسم اللہ پڑھنی چاہئے تاکہ دوسرے سن لیں اور وہ اللہ کے نام سے کھانا شروع کریں۔

٭ کھانا دائیں ہاتھ سے کھانا چاہیے۔

٭ اگر افراد زیادہ ہیں تو ہر کوئی اپنے سامنے سے کھانا کھائے۔

٭ چھوٹے چھوٹے لقمے بنا کر کھانا کھایا جائے۔

٭ دسترخوان پر کھانا کھانے کے عمل کو طول دیں، جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں ۔

٭ کھانا خوب اچھی طرح چبا چبا کر کھائیں۔

٭ کھانا کھانے کے دوران ہلکی پھلکی بات چیت جار ی رکھیں۔

٭ کھانا کھانے کے دورا ن ایک دوسرے کو کھانا کھاتے نہ دیکھیں یعنی غور نہ کریں۔

٭ کھانا کھاکر اللہ کا شکراداکریں ۔

٭ کھانے کے بعد انگلیوں کو صاف کریں۔

٭ کھانا کھانے کے بعد دانتوں کا خلال کریں۔

٭ کھانا کھانے کے بعد قیلولہ کریں یعنی پیٹھ کے بل لیٹ جائیں اور دایاں پائوں بائیں پائوں کے اوپر رکھ دیں۔

٭ بہت زیادہ یا پیٹ بھر کر کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

٭ جو پھل چھلکے کے ساتھ کھایا جاسکتا ہو، اس کا چھلکا نہیں اتارنا چاہیے۔

پانی پینے کے آداب

٭ پانی پینے سے پہلے بسم اللہ اور بعد میں الحمد للہ کہنا چاہئے۔

٭ پانی بیٹھ کر ، تین سانسوں میں پینا چاہئے۔

٭ پانی دائیں ہاتھ سے پینا چاہئے۔

آداب کے فوائد

مانچسٹر میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق چباکر کھانا کھانے سے انسان بیماریوںسے بچتاہے کیونکہ چبا کر کھانے سے ایسے خلیے پیدا ہوتے ہیں جو خطرناک امراض پیدا کرنے والے جراثیم سے لڑتے ہیں۔ یہ ٹی ہیلپر خلیے یا ٹی ایچ17سیلز جسم کے قدرتی مدافعتی نظام کا حصہ ہوتے ہیں اور امراض پیدا کرنے والے جراثیم کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ فائدہ مند بیکٹریا کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ اسی طرح قیلولہ کرنے کے سائنسی فوائد بھی سامنے آچکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق قیلولہ اگلے کئی گھنٹے تک جسمانی او ر ذہنی طورپر آپ کو چاق چوبند رکھتاہے او ر ڈیمنشیا سے دور رہنے میں مدد دیتاہے۔ ماہرین کے مطابق کم سے کم 30منٹ کا قیلولہ بھی کافی ہے، تاہم اگر اس کا دورانیہ زیادہ ہو تو اور بھی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ قیلولہ سنت نبویؐ ہے اورا س کےجو فوائد سائنس بتاتی ہے وہ احادیث میں پہلے ہی سے بیان کردیے گئے ہیں۔ اسی طرح کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے سے آپ کے ہاتھ پر لگے جراثیم کھانے کے ساتھ آپ کے پیٹ میں نہیں جاتے اور آپ کو بیماریاں ہونے کے امکانات معدوم ہو جاتے ہیں۔ 

تازہ ترین