آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
پیر16؍محرم الحرام 1441ھ 16؍ستمبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر فیصل کھوسہ نے ینگ انویسٹسیگیٹر ایوارڈ اپنے نام کر لیا

پاکستانی نژاد کینیڈین ڈاکٹر فیصل کھوسہ نے کینیڈین ایسوسی ایشن آف ریڈیالوجی(CAR)کی جانب سے ینگ انویسٹسیگیٹر ایوارڈ برائے2019ء اپنے نام کر لیا۔

کینیڈین ایسوسی ایشن آف ریڈیالوجی کی جانب سے منعقد سالانہ کانفرنس کے موقع ڈاکٹر فیصل کھوسہ کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا،کانفرنس میں دنیا بھر سے500سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔

ڈاکٹر فیصل کھوسہ کو امریکا میں قائم پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ’’اپنا ‘‘ سمیت دیگر تنظیموں کے عہدیداران نے مبارکباد پیش کی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فیصل کھوسہ اس وقت بحیثیت ایسوسیی ایٹ پروفیسر آف ریڈیالوجی یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں، انہوں نے پاکستان کے میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہو نےکے بعد آئرلینڈ ،کینیڈا اور امریکا میں فیلو شپ حاصل کی، جبکہ ماسٹر آف بزنس مینجمنٹ کی ڈگری بھی بیرون ملک سے حاصل کی۔

ڈاکٹر فیصل کھوسہ کی دو درجن سے زائد کتابیں شائع ہو چکی ہیں جوکہ مختلف موضوعات پر لکھی گئی ہیں اس طرح وہ میڈیکل ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ،مصنف،ٹیچر اور بحیثیت اسکالر اپنی اہمیت اور قابلیت کا لوہا کئی ممالک میں منوا چکے ہیں۔

پاکستان میں ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کو2013ء میں پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا گیا اور 2012ء سے لے کر اب تک وہ یورپ، برطانیہ، خلیجی ممالک کینڈا اور امریکا کی مختلف پروفیشنل آرگنائزیشن اور بین الاقوامی اداروں سے کئی ایوارڈ لے چکے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے کالج آف فزیشن اینڈ سرجن کی جانب سے میڈیسن میں اعلیٰ خدمات کا ایوارڈ، وینکور کاسٹل ہیلتھ کی جانب سے ہیلتھ کیئر ہیرو ایوارڈ، کینیڈین ریڈیالوجی فائونڈیشن کی جانب سے لیڈر شپ، اسکالر شپ ایوارڈ، پیپلز فرسٹ لیڈر شپ ایوارڈ، کالج آف فزیشن اینڈ سرجن سے ایگزامینیشن ایوارڈ، آؤٹ اسٹیڈنگ سپورٹ ایوارڈ، وی جی ایچ ٹراما پروگرام امریکن رینکن اے سوسائٹی اسکالر امریکا کی جانب سے آئوٹ اسٹیڈنگ ینگ انویسٹی گیئر ایوارڈ اور ہنڈریڈ مینٹر ایوارڈ، میڈیکل ایکسی لینس سمیت کئی اور ایوارڈ حاصل کر رکھے ہیں۔

گزشتہ 15سالوں کے دوران انہوں نے ترقی پذیر ممالک میں تعلیم اور صحت کیلئے غیر معمولی خدمات سر انجام دیں اور وہاں وموجود اقلیتوں کیلئے فلاح وبہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل کھوسہ کا کہنا تھا کہ وہ حاصل کردہ تعلیم کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جبکہ پاکستان کے باشندوں کو بھی پاکستان جا کر ان کی تربیت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کا دل پاکستان میں ہی دھڑکتا ہے، اس لئے جب کبھی بھی ملک پر مشکل وقت آتا ہے اورسیز پاکستانی اس کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کرتے ہیں۔

واضع رہے کہ ڈاکٹر فیصل کھوسہ پنجاب کے سابق گورنر، سابق سینیٹر اور پاکستان کے سابق اٹارنی جنرل، محمد لطیف کھوسہ کے صاحبزادے ہیں۔

صحت سے مزید