• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کامیاب، علاقائی امن، ترقی کیلئے عمران سے متفق

نئی دہلی(جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)بھارتی انتخابات میں مودی کامیاب، علاقائی امن ، ترقی کیلئے عمران سے متفق،بی جے پی اتحادی جماعتوں نے 542میں سے 350نشستیں جیت لیں، کانگریس اتحاد کو92،دیگرجماعتوں کو 100ملیں،لوک سبھا کی301نشستوں پرکامیابی کیساتھ بی جے پی اکیلے ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں،کانگریس 54نشستوں پر فاتح، ڈی ایم کے 23، شیو سینا 18اور دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں نے100نشستیں حاصل کیں، دیگر جماعتوں میں وائی ایس آر سی 24،ٹی ایم سی22، بی جے ڈی13نشستیں لے سکیں،راہول گاندھی امیٹھی کی سیٹ بھی ہار گئے۔ریاستی انتخابات میں آندھراسے وائی ایس آر سی 148،اڑیسہ سے بی جے ڈی 103،اروناچل سے بی جے پی 34،سقم سے16ایس ڈی ایف اور 16او ٹی ایچ لیکر کامیاب رہیں۔مودی نےفتح کے بعد پیغام میں کہاکہ بھارت جیت گیا،شکریہ ، روشن مستقبل کیلئےکندھے سے کندھا ملا کر کام کرنا ہوگا جبکہ راہول گاندھی کا کہناتھاکہ عوام مالک ہیں،ادھربی جے پی حمایتیوں نے انتخابات میں جیت پر ملک بھر میں جشن منایا، دوسری جانب ٹرمپ سمیت غیر ملکی سربراہان نے نریندرمودی کو جیت کی مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے واضح برتری کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرلی ہے، حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور بی جے پی نے انفرادی طور پر مطلوبہ تعداد سے زیادہ 301نشستیں حاصل کرلیں۔ بی جے پی اتحاد نے 350 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جس میں بی جے پی 301،شیو سینا 18،جے ڈی یو16 نشستیں لیکر نمایاں رہیں، کانگریس اتحاد نے 92نشستیں جیتیں جس میں انڈین نیشنل کانگریس 54،ڈی ایم کے 23نشستیں لیکر نمایاں رہیں۔انتخابات میں دیگر جماعتوں نے100 نشستیں حاصل کیں جس میں وائی ایس آر سی 24،ٹی ایم سی 22،بی جے ڈی13نشستیں لیکر نمایاں رہیں جبکہ عام آدمی پارٹی صرف ایک ہی نشست حاصل کرسکی۔ بھارت کے ریاستی انتخابات میں آندھرا کی 175نشستوں میںسے وائی ایس آر سی 148جبکہ ٹی ڈی پی26نشستیں حاصل کرسکیں۔اڈیسہ کی147نشستوں میں سے بی جے ڈی 103،بی جے پی27جبکہ کانگریس اتحاد 15نشستیں حاصل کرسکیں۔اروناچل کی 60 نشستوں میںسے بی جے پی 34،او ٹی ایچ11جبکہ کانگریس5نشستیں ہی حاصل کرسکی۔سقم کی 32نشستوں میں سے 16 پرایس ڈی ایف اور 16پر او ٹی ایچ نے کامیابی حاصل کی۔ نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی پر بھارتی عوام کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج بھارت اور بھارتی عوام کو جیت ملی ہے ، الیکشن میں بھاری ٹرن آؤٹ سے بھارتیوں کی جمہوریت سے گہری وابستگی ظاہر ہوتی ہے ، ملک کے روشن مستقبل کےلئے کندھے سے کندھا ملا کر کام کرنا ہوگا ، آج کی یہ کامیابی جمہوریت کے نام کرتے ہیں، یہ الیکشن بی جے پی نے نہیں بلکہ عوام نے لڑا ہے ۔کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے بھی انتخابات میں اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوام سب سے بڑے فیصلہ ساز ہیں،یہ وقت اپوزیشن کرنے کا نہیں بلکہ نریندر مودی کو مبارکباد دینے کا ہے،مودی اور بی جے پی کی جیت کو تسلیم کرنا پڑے گا، ہارنے والے کانگریس رہنماؤں کو گھبرانا نہیں چاہئے، رہنما اور کارکن اعتماد نہ کھوئیں ہم نظریاتی جنگ جاری رکھیں گے، عوام کا مینڈیٹ نریندر مودی کے حق میں گیا ہے، مودی کو منتخب کرنے پر بھارت کے عوام کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔راہول گاندھی نے اس موقع پر اپنے مدِ مقابل الیکشن لڑنے والی اداکارہ سمراتی ایرانی کو بھی جیت پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے وہ حلقے کے لوگوں کی خدمت کریں گی۔پریانکا گاندھی نے بھی نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں ۔ادھر وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے خطے میں امن و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کی امید ظاہر کر دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میںعمران خان نے کہا کہ ʼانتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادیوں کی کامیابی پر میں وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور جنوبی ایشیا میں امن اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرامید ہوں جس کے جواب میں مودی نے کہا کہ وہ عمران خان کی نیک خواہشات پرشکر گزار ہیں ، ہم نے ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دی ہے ۔ادھر بی جے پی کی انتخابات میں کامیابی پر ٹرمپ سمیت غیر ملکی سربراہان نے نریندرمودی کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ٹی وی چینلز کی جانب سے انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں حامیوں نے دہلی ہیڈکوارٹرز سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں کامیابی کا جشن منانا شروع کردیا ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کے مطابق ʼ یہ مثبت سیاست اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے لیے بڑا مینڈیٹ ہے، ʼ یہ بھارت کے لیے بڑی کامیابی ہے، ہم اس کامیابی سے بہت خوش ہیں۔

تازہ ترین