• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور‘ 3رکنی موٹرسائیکل چورگینگ اور افغان سرغنہ سمیت 4موبائل سنیچر گرفتار

پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3 رکنی موٹرسائیکل چورگینگ اور افغان سرغنہ پر مشتمل 4 رکنی موبائل سنیچر گروہ کو گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے مسروقہ موٹرسائیکل، ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے قیمتی موبائل فون سمیت 4 عدد مسروقہ موبائل فونز،40ہزار روپے نقد اور وارداتوں میں استعمال ہونیوالے 2 عدد موٹر سائیکل برآمد کر لئے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق پچھلے ہفتے غلام علی ولد رضا خان سکنہ زریاب کالونی نے تھانہ فقیر آباد پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا تھا کہ اس کے رہائشی فلیٹ واقع مغل بلڈنگ زریاب کالونی کے سامنے سے کسی نامعلوم ملزم نے اس کی موٹر سائیکل چوری کر لی ہے، تفتیش کے دوران گزشتہ روز اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین کو اطلا ع ملی کہ موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث گروہ تھانہ تاتارا کی حدود میں موجود ہے، اطلاع کو مصدقہ جان کر کارروئی کی گئی جس کے دوران 3 ملزمان رحمان ولد فیض محمد،عمر ولد میر محمد ساکنان فقیر آباد اور ذیشان ولد سفارش سکنہ شنواری ٹاؤن کو گرفتار کر لیاجن کی نشاندہی پر ان کے قبضے سے فقیر آباد سے سرقہ شدہ ایک عددموٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق قبل ازیں نوید قادر ولد عبدالقادر سکنہ ورسک روڈ نے تھانہ شرقی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بیان کیا تھا کہ وہ افطاری کے لئے جان بیکرز سے سودا سلف خریدنے میں مصروف تھاکہ اس دوران کسی نامعلوم ملزم نے اس کی جیب سے ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا قیمت کا موبائل فون نکال کر چوری کر لیا۔ایس پی کینٹ وسیم ریاض نے شہریوں سے افطار کے لئے خریداری کے دوران قیمتی موبائل فون چوری کرنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ٹیم تشکیل دیا جس نے جان بیکرز میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جس کیدوران ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگا کر گزشتہ روز افغان سرغنہ سمیت 4 ملزمان عادل ولد برار گل، ظہور ولد جاوید ساکنان افغانستان حال حاجی کیمپ، احسان اللہ عرف میر ویس ولد اسد اللہ سکنہ دیر حال بڈھنی اور امین ولد عبداللہ سکنہ حاجی کیمپ کو گرفتار کر لیا۔
تازہ ترین