سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نےمسافروں سے اضافی کرایہ لینے والے ٹرانسپور ٹرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیاہے۔
ایک بیان میں وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران سندھ بھر میں پولیس کے ہمراہ مسافروں سے اضافی کرایہ لینے والی مسافر گاڑیوں کہ خلاف کارروائی کررہے ہیں، بدھ کے روز بھی کراچی ٹول پلازہ کے پاس کارروائی کے دوراں اضافی کرایہ لینے والی 52 گاڑیاں چیک کی گئیں، 38 مسافر گاڑیوں کا چالان کیا گیا اور11 کو وارننگ دی گئی۔
اویس قادرشاہ نے کہا کہ عید کے لیے کراچی سے دیگر شہروں کو جانے والے مسافروں کو 1 لاکھ 25 ہزار اضافی کرایہ واپس کروادیا گیا، اضافی کرایہ لینے والی 38 مسافر بسوں، کوچز، وین اور دیگر گاڑیوں کا 76 ہزار روپے کا چالان کیا گیا۔
اویس قادرشاہ نے کہا کہ شکارپور، جیکب آباد میں بھی اضافی کرایہ لینے والی مسافر گاڑیوں کہ خلاف کارروائی کی گئی،شکارپور میں مسافروں کو 3 ہزار اضافی کرایہ واپس کروایا گیا اور گاڑیوں پر 7 ہزار جرمانہ کیا گیا، اضافی کرایہ لینے والے پبلک ٹرانسپورٹر کو 24 گھنٹے مانیٹر کیا جارہا ہے۔
وزیرٹرانسپورٹ نے کہا کہ عید پر جانے والے مسافروں سے اضافی کرایہ لینے والوں کہ خلاف سندھ بھر میں کارروائی جاری رہے گی، بجلی مہنگی ہونے سے مزید مہنگائی بڑ ھے گی حکومت کو فیصلہ واپس لینا چاہیے۔