بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی نے دوسری مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا، نریندر مودی بھارت کے پندرہویں وزیراعظم ہیں ۔
نئی دہلی کے ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں غیر ملکی سربراہان، سیاسی رہنماؤں اور معروف شخصیات نے شرکت کی جبکہ تقریب میں اپوزیشن رہنما سونیا گاندھی اور راہول گاندھی بھی شریک ہوئے۔
بھارت میں مرکزی حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو مجموعی طور پر 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں لیکن بی جے پی نے 303 نشستیں حاصل کرکے واضح برتری حاصل کی جبکہ کانگریس کے حصے میں صرف 52 نشستیں آ سکیں۔
الیکشن سے قبل ہی بی جے پی نے نریندر مودی کو وزارت عظمٰی کے لیے نامزد کردیا تھا،حلف برداری کی اس تقریب میں نریندر مودی کے علاوہ نو منتخب ارکان لوک سبھا نے بھی حلف اٹھایا۔
تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، تقریب کے اطراف اور شہر میں دس ہزار اہلکار تعینات کیے گئے۔