• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک فیصد لوگوں کے ٹیکس پر 99 فیصد کی خدمت نہیں کی جاسکتی،عمران خان

اسلام آباد(اے پی پی‘جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کے عوام ٹیکس نہ دیں‘ پاکستان میں صرف ایک فیصد ٹیکس دہندگان 22 کروڑ عوام کا بوجھ اٹھا رہے ہیں‘ ایک فیصدلوگوں کے ٹیکس پر 99فیصد کی خدمت نہیں کی جاسکتی ‘ پاکستانیوں کے اندرون وبیرون ملک اثاثوں کی تمام معلومات اداروں کو مل چکی ہیں‘ملکی تاریخ کی سب سے آسان ایمنسٹی اسکیم سے 30 جون تک فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے اثاثے ڈکلیئر کریں‘پھر موقع نہیں ملے گا‘ یہ آپ اور ملک کے لئے انتہائی سود مند ہو گا، یقین دلاتا ہوں کہ ٹیکس کا پیسہ عوام اور ملک پر خرچ ہو گا اور اسے چوری نہیں ہونے دوں گا۔ جمعرات کو عوام کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 22 کروڑ عوام میں سے صرف ایک فیصد ٹیکس فائلرز ہیں یعنی کے ایک فیصد پاکستانی 22 کروڑ پاکستانیوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں یہ ناممکن ہے۔ اس صورتحال میں کوئی بھی ملک اپنی عوام کی خدمت نہیں کر سکتا ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس نہ دینے کی وجہ سے ہم لوگوں کی صحیح معنوں میں خدمت نہیں کر سکتے‘ نہ اسپتال بنا سکتے ہیں، نہ بچوں کے لئے اسکول بنا سکتے ہیں اور نہ ہی انفراسٹرکچر ٹھیک کر سکتے ہیں ۔جب عوام ٹیکس نہیں دیتے تو حکومت کو قرضے لینے پڑتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اثاثے ڈکلیئر کرنے کا 30 جون تک وقت ہے کہ جو بھی آپ کی بے نامی پراپرٹی پڑی ہیں، بینک اکاؤنٹس پڑے ہیں، ان سب کو آپ ڈکلیئر کر دیں۔یہ آپ کو ایک ایسا موقع مل رہا ہے جو کہ 30 جون کے بعد آپ کو نہیں ملے گا۔ اداروں کے پاس آپ کے اثاثوں سے متعلق تمام انفارمیشن آ چکی ہے کہ آپ کے ملک کے اندر اور باہر کتنے اثاثے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زیادہ اچھا ہے کہ آپ اپنے پاکستان کی خدمت کریں اور اپنے اثاثوں کو ڈکلیئر کر دیں۔ اس سے یہ ہو گا کہ ہم اپنے بچوں کا مستقبل ٹھیک کر سکتے ہیں، ہم اپنے ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکتے ہیں، ہم اپنے غریب لوگوں کو اوپر اٹھا سکتے ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آپ بھی سکون کی نیند سو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ اس فکر سے نجات حاصل کرلیں کہ کوئی ادارہ آپ کو تنگ کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اثاثے ڈکلیئر کرنے سے ملک پر جو معاشی طور پر مشکل وقت آیا ہوا اس سے باہرنکل آئے گا۔

تازہ ترین