رمضان کا آخری عشرہ چل رہا ہے اور عیدالفطر بس چند دنوں کی دوری پر ہے۔ یہ ایک ایسا تہوار ہے، جس پر ہر کوئی منفرد اور پُرکشش نظر آنا چاہتا ہے۔ اور اسی خواہش کی تکمیل کے پیش نظر کئی روز پہلے عید کی تیاریاں شروع کردی جاتی ہیں۔ خواتین عید کے دن کے لیے کپڑے، جیولری، سینڈل حتٰی کہ ہیئر اسٹائل کا بھی خصوصی خیال رکھتی ہیں اور اس حوالے سے خاص اہتمام کرتے ہوئے ہر ایک چیز کا باریک بینی سے جائزہ لیتی ہیں۔ بال چونکہ انسان کی شخصیت کا آئینہ ہوتے ہیں، لہٰذا اس حوالے سے خاصی سوچ بچار سے کام لیا جاتا ہے۔آج کی تحریر میں ہم چند آسان اور منفرد ہیئر اسٹائل کا ذکر کرنے جارہے ہیں، جو عید کی تیاری کے حوالے سے آپ کے لیے خاصے مددگار ثابت ہوں گے۔
سلیک بن
سائیڈ مانگ کے ساتھ بنائے گئے ہیئر اسٹائل کا فیشن پرانا ہوگیا ہے۔ اس عید الفطر پر سائیڈ مانگ کے بجائے سیدھی مانگ کے ساتھ بنائے گئے ہیئر اسٹائل خواتین میں زیادہ مقبول رہیں گے۔ اس ہیئر اسٹائل کو بنانے کا خاص فائدہ چوڑے اور صحت مند چہرے کی حامل خواتین کو ہوتا ہے کیونکہ سیدھی مانگ میں ان خواتین کا چہرہ پتلا لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہیئر اسٹائلسٹس اور ایکسپرٹس،صحت مند چہرے والی خواتین کو سیدھی مانگ (center partition) نکالنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ ایک پرفیکٹ اور آسان سا ہیئر اسٹائل ہے، جسے بنانے کے لیے سیدھی مانگ کے ساتھ پیچھے کی جانب سادہ سا بن بنایا جاتا ہے، جو نہ صرف گرمیوں میں عید کی تقریبات کے لیے پرفیکٹ ثابت ہوتاہے بلکہ اس ہیئر اسٹائل کے ساتھ آپ کے خوبصورت ایئررنگ دیگر تمام ہیئر اسٹائل کی نسبت زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔
ویوی ہیئر
اگر آپ اسٹریٹ اور کرلی بالوں جیسے ہیئر اسٹائل سے بیزار آگئی ہیں، لیکن پھر بھی کسی فینسی ہیئر اسٹائل کے حق میں نہیں تو ویوی ہیئراسٹائل لُک آپ کے لیے بہترین ثابت ہوسکتاہے۔ ویوی ہیئر اسٹائل آپ کے پتلے بالوں کو نہ صرف گھنا محسوس کروائے گا بلکہ آپ فریزی لُک سے بھی نجات حاصل کرپائیں گی۔ ویوی ہیئر لُک کے لیے آپ اسٹریٹنر اور رولر کی مدد لے سکتی ہیں۔ سامنے سے سلیک اور پیچھے سے ویوی لُک اس عید آپ کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتا ہے۔
موہاک بریڈ اور پونی ٹیل
عید کے دن گلیمرس لُک کے لیے موہاک بریڈ بہترین انتخاب بن سکتا ہے۔ اس ہیئر اسٹائل کو عام طور پر کم عمر لڑکیاں زیادہ اپناتی ہیں۔ موہاک بریڈ بنانے کے لیے سامنے کے بالوں کو ڈھیلے اور لمبے بلوں کے ساتھ باندھا جاتا ہے اور اس طرح بَل دیے جاتے ہیںکہ آگے سے تین بال اور سائیڈ کے بالوں سے فرنچ اسٹائل میں ایک ایک لٹ اٹھائی جاتی ہےجبکہ پیچھے کے بالوں کو پونی اسٹائل میں اٹھا کر ربڑ بینڈ کی مدد سے باندھا جاتا ہے۔ آپ چاہیں تو پونی کے بالوں کو بعد میں کرل بھی کرسکتی ہیں جو کہ زیادہ خوبصورت محسوس ہوں گے۔
ٹوئسٹ رول ہیئر
عام طور پر زیادہ ترخواتین لانگ بوب، اسٹریٹ، کرلی، ویوی اور بریڈ ہیئر اسٹائل اپنائے نظر آتی ہیں۔ آپ اس عیدالفطر پر کچھ منفرد انداز اپنائیں مثلاً ٹوئسٹ رول ہیئر اسٹائل۔ اسے بنانے کے لیے بالوں کی سیدھی مانگ نکالیں اور پھر دونوں سائیڈ بالوں کی چند لٹیں اٹھاکر ٹوئسٹ کریں یعنی انھیں مروڑتے ہوئے پن لگالیں جبکہ پیچھے سے بالوں کو سیدھا اور کھلا چھوڑ دیں۔ یہ اسٹائل آپ کو نفیس لُک دے گا اور آپ عید کے دن زیادہ پر اعتماد محسوس کریں گی۔
فینسی بو ہیئر
اگر آپ اس عید پر مختلف ایسیسریز کے ذریعے بالوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا چاہتی ہیں تو بو ہیئر اسٹائل اپنائیں۔ مارکیٹ میں مختلف اور منفرد فینسی بو ہیئر دستیاب ہیں، انھیں بالوں میں سائیڈ پارٹیشن کرکے پیچھے کی جانب ہاف پف بنا کر بریڈ اسٹائل، میسی بن، فرینچ بن یا مختلف ہیئر اسٹائل میں بآسانی لگایا جاسکتا ہے۔ اس ہیئراسٹائل کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں آپ اپنی عمر سے کم دکھائی دیں گی۔
چند خاص ہدایات
اس عیدپر ہیئر اسٹائل بناتے ہوئے انٹرنیشنل ہیئر اسٹائل ایکسپرٹ کی ذیل میں درج خاص ہدایات کو بھی ذہن میں رکھیے۔
٭اگر آپ کی پیشانی چوڑی ہے تو فر نٹ بینگ ہیئر اسٹائل اپنائیں۔
٭اگر آپ کا چہرہ گول ہے تو اسے لمبا دکھانے کے لیے لیئر یا پکسی کٹ پر غور کریں۔
٭اگر آپ کا چہرہ دل نما ہے تو سیدھی مانگ کے ساتھ بنایا گیا ہیئر اسٹائل آپ کے لیے بہترین رہے گا۔
٭اگر آپ اپنی گردن کو نمایاں نہیں کرنا چاہتیں توبالوں کو بیچی ویو، کرل کریں یا پھر انہیں کھلا چھوڑ دیں۔
٭فینسی ڈریس کے ساتھ ہیئر اَپ ڈو بہترین ہیئر اسٹائل ثابت ہوسکتا ہے۔
٭اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا ہیئر اسٹائل پورا دن خراب نہ ہو تو ہیئر اسپرے کرنا ہر گز نہ بھولیں۔