امریکا اور ایران جوہری مذاکرات کروانے والے عمان نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے بعد امریکا سے اپیل کی ہے کہ وہ مزید اس میں نہیں الجھے، یہ اس کی جنگ نہیں ہے۔
عمانی وزیر خارجہ بدرالبو سعیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ آج کے حملوں پر بہت افسردگی اور پریشانی ہے، فعال اور سنجیدہ مذاکرات کو ایک بار پھر نقصان پہنچایا گیا۔
بدرالبو سعیدی نے کہا کہ یہ حملے نہ امریکا کے مفادات کے لیے مفید ہیں نہ ہی عالمی امن کے لیے، ان معصوم لوگوں کے لیے دعا گو ہیں جو اس کا خمیازہ بھگتیں گے۔
عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا سے اپیل ہے وہ مزید اس میں نہ اُلجھے، یہ آپ کی جنگ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کردیا ہے۔ تہران، اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں دھماکے ہوئے۔
ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب 7 میزائل گِرے۔
اسرائیلی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حملے میں متعدد ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سینئر کمانڈرز، سیاسی حکام جاں بحق ہوئے۔
حملوں میں صدر مسعود پزشکیان محفوظ رہے، آیت اللّٰہ خامنہ ای بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیے گئے ہیں۔