• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانگ نمبر ٹو، امریکا، کینیڈا اور خلیجی ممالک میں ریلیز ہوگی

پاکستان کے نامور فلم ساز، ڈسٹری بیوٹر اور پروڈیوسر شیخ امجد رشید نے بتایا کہ فلم ’’رانگ نمبر ٹو‘‘ امریکا، کینیڈا، برطانیہ کے علاوہ خلیجی ممالک اور ناروے میں ریلیز کی جا رہی ہے۔

شیخ امجد رشید کو پاکستانی فلموں سے عشق ورثے میں ملا ہے ، انہوں نے گزشتہ چند برسوں میں مرتی ہوئی فلم انڈسٹری کو نئی زندگی دی، انہوں نے بالی وڈ فلموں سے سرمایہ کمایا اور پاکستانی فلموں پر لگایا۔

پاکستانی ہونے کے ناتے شیخ امجد رشیدنے اپنے فنکاروں اور فلموں کو عملی طور پر سپورٹ کیا، جبکہ فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات انہیں انڈسٹری کا مسیحا قرار دیتی ہیں۔

گزشتہ دنوں انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ساتھ ایک معاہدہ کیا، جس کے تحت اب وہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم رانگ نمبر ٹو اور عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ہیر مان جا جیو فلمز کے اشتراک سے ریلیز کر رہے ہیں۔

فلم رانگ نمبر ٹو اور ہیر مان جا کے بارے میں مختصر گفتگو کرتے ہوئے جب شیخ امجد رشیدسے پوچھا گیا کہ آپ کو پاکستانی فلموں سے اتنا لگائو کیوں ہے، جبکہ آپ نے بالی وڈ اور ہالی وڈ کی ان گنت فلمیں پاکستان میں ریلیز کی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں آئی ایم جی سی کے سربراہ شیخ امجد رشید نے بتایا کہ پاکستانی فلموں سے صرف لگائو نہیں ہے، بلکہ میں عشق کرتا ہوں اور یہ جنون اور عشق مجھے میرے والد سے ورثے میں ملا ہے۔

انہوں نے تقسیم ہند سے قبل چوپڑا فیملی سے مل کر بہت کام کیا اور پھر پاکستان بننے کے بعد یہاں بھی عملی طور پر پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی و ترویج کے لیے کام کرتے رہے۔ اب ہماری تیسری نسل اس سلسلے میں کام کو آگے بڑھا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے بیٹے بھی فلموں کی پروموشن میں میرے ساتھ ہیں اور میری پوتی شاعرہ ہیں ، گیت بھی لکھتی ہیں اور دوسری تخلیقی صلاحیتوں سے بھی مالا مال ہیں۔ انہوں نے اپنی شاعری کی کتاب بھی شائع کی ہے۔

رانگ نمبر ٹو کے بارے میں شیخ امجد رشید نے بتایا کہ ہدایت کار یاسر نواز نے مجھے یہ فلم وقت پر مکمل کر کے دی تو بہت خوشی ہوئی۔ اب ہم رانگ نمبر ٹو کو دنیا بھر میں بھارتی فلموں کے مقابلے میں ریلیز کر رہے ہیں۔

یہ فلم پاکستان سمیت امریکا، کینیڈا، برطانیہ، خلیجی ممالک، ناروے اور دیگر ملکوں میں ریلیز کر رہے ہیں۔ اس فلم میں تمام فنکاروں نے جم کر اداکاری کی ہے اور اب تک اس فلم کی بہت شاندار رپورٹ آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیو فلمز نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور اس فلم کو خوب پروموٹ کیا۔ رانگ نمبر ٹو کے فنکاروں کی دل سے قدر کرتا ہوں کہ انہوں نے رمضان المبارک میں دن رات فلم کی پروموشن میں حصہ لیا اور پاکستان کے کئی شہروں میں فلم کی تشہیری سرگرمیوں میں حصہ لیا، ان کی محنت ضرور رنگ لائے گی۔

امجد رشید نے بتایا کہ فلم کی کاسٹ میں شامل نیلم منیر، سمیع خان، جاوید شیخ، محمود اسلم، ثنا فخر، یاسر نواز، دانش نواز سمیت تمام فنکاروں نے عمدہ کام کیا ہے، ہم آئندہ بھی اپنی تمام فلمیں جیو فلمز کے اشتراک سے ریلیز کرنا چاہتے ہیں۔ عیدالاضحٰی پر جیو فلمز کے اشتراک سے حریم فاروق کی فلم ہیر مان جا بھی ریلیز کریں گے ۔

تازہ ترین