• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کی خوبصورتی بحال ہو رہی ہے، شہرام ترکئی

پشاور(نیوزڈیسک)صوبائی دارالحکومت پشاور کی خوبصورتی بحال ہو رہی ہے۔ پشاور شہر میں بی آر ٹی سمیت کئی دیگر منصوبوں پر کام کی وجہ سے پھول اور پودوں کو نقصان سے بچانے کیلئے دوسری جگہ منتقل کر دیا تھا تاہم اب انہیں دوبارہ اپنی جگہ منتقل کیا جا رہا ہے جس کا زیادہ تر کام مکمل کر لیا گیا ہے جس سے پشاور شہر کی خوبصورتی بحال ہو رہی ہے۔ شہر کی چند ایک ہی جگہیں باقی ہیں جہاں پھول اور پودے لگانے کا کام رہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔ ویڈیو میں پشاور شہر کے بڑے چوکوں، شاہراہوں اور گرین بیلٹس کو دکھایا گیا ہے جہاں پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پھول پودے اور سبزہ لگا کر دوبارہ ان کی خوبصورتی کو بحال کیا ہے۔ ان میں حیات آباد، امن چوک،رنگ روڈ، صدر اور یونیورسٹی روڈ سمیت کئی دیگر چوک اور گرین بیلٹس شامل ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ کلین اینڈ گرین موومنٹ پر کام جاری ہے اور اس کے تحت پشاور شہر میں لاکھوں کی تعداد میں پھول اور پودے لگائے گئے ہیں۔ اور یہ عمل جاری و ساری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کوریڈور، گرین بیلٹس اور چوک چوراہوں کو پھولوں سے سجایا گیا ہے اور بڑی تعداد میں سبزہ لگا کر انہیں خوبصورت بنایا گیا ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ پشاور شہر کی صفائی کے لیے بھی صوبائی حکومت خاطر خوا اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی سب سے زیادہ توجہ پشاور پر مرکوز ہے اور ہر سال ایک خطیر رقم پشاور کی صفائی اور اسے خوبصورت بنانے پر خرچ کی جائے گی۔
تازہ ترین