• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو عوام مسترد کرتے ہیں‘‘

سندھ کے مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کو عوام مسترد کرتے ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ماضی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند پیسے اضافے پر واویلا کرنے والوں کو اب نجانے کیوں سانپ سونگھ گیا ہے جو وہ اس ظالمانہ اضافے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے ، اس ظالمانہ اضافے سے عوام کی عید کی خوشیاں مانند پڑ جائینگی حکومت نے قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے ۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی سرکار بتائے کہ وہ عوام سے کونسا بدلہ لے رہی ہے ؟ پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنا ہے، ثابت ہوگیا کہ نااہل حکمران مہنگائی قابو کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہ مقدس رمضان المبارک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی عبادات میں خلل ڈالنے کے بھی مترادف ہے، یہ عوام دشمن حکومت ہے جسے بہت جلد عوام کا غیض و غضب بہا لے جائےگا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اپنا کوئی ایک وعدہ تو وفا کر دیں، انہوں نے کہا کہ یہ کونسی تبدیلی ہے؟ کچھ تو خدا کا خوف کریں خان صاحب۔

تازہ ترین