پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر ذاتی حملے نہ کریں، کرکٹ پر بات کریں، ٹیم میں باؤنس بیک کی صلاحیت ہے بس ایک جیت درکار ہے۔
ناٹنگھم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ انگلینڈ کو 300 بال کرنے ہیں، جس میں سے ہمیں 10 اچھی گیندیں کرانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بولنگ لائن میں انگلینڈ کو 300 سے کم اسکور پر آؤٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے، عامر کا فارم میں آنا خوش آئند ہے، وہ باصلاحیت بولر ہے جبکہ حسن علی کا گراف نیچے آیا ہے لیکن وہ آؤٹ کر رہا ہے۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ سابق کھلاڑی ذاتی حملے نہ کریں، کرکٹ پر بات کریں، انہوں نے ہمارے ساتھ بھی کھیلا ہے، ہمیں ان کا بھی معلوم ہے، لہذا سابق پلیئرز سے یہی درخواست ہے کہ اس ٹیم کو بیک کرے ، آج برا ٹائم ہے، اچھا ٹائم بھی آئے گا۔
بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ مسلسل گیارہ میچ ہارے ہیں جن میں آسٹریلیا کے بھی وہ 5 میچز شامل ہیں جس میں ہم نے نیا کامبی نیشن ٹرائی کیا تھا۔
اظہر محمود نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کے خلاف 5 میچز میں شکست کی وجہ سے ہم نے ایکسٹرا پریشر لے لیا ہے۔