• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز سے ہار، سابق کرکٹرز نے نیا محاذ کھول دیا

ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بدترین شکست کے بعد سابق کرکٹرز نے کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مختلف ٹی وی چینلز پر ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔

سابق کرکٹرز کی جانب سے مسلسل تنقید کی زد میں آنے والے بولنگ کوچ اظہر محمود نے سابق کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ ہمیں آپ کے بارے میں بھی سب پتہ ہے، ہمیں پتہ ہے کہ آپ اپنے وقت میں کیا کیا کرتے رہے ہیں، اس لئے سابق کرکٹرز ذاتی حملے نہ کریں کرکٹ پر بات کریں۔

اظہر محمود نے کہا کہ میری سابق کرکٹرز سے درخواست ہے کہ وہ اس ٹیم کو سپورٹ کریں اس وقت برا وقت ہے جلد اچھا وقت بھی آئے گا جیت کے لئے پلان کر رہے ہیںہوسکتا ہے کہ ٹیم انگلینڈ کے خلاف باؤنس بیک کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بولنگ میں صلاحیت ہے کہ وہ ٹیم کو جتوائے، مسلسل گیارہ ون ڈے انٹر نیشنل میں شکست کے گہرے زخم کھانے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ مشن میں اپنا دوسرا لیکن مشکل میچ میزبان انگلینڈ کے خلاف پیر کو ٹرینٹ برج میں کھیلے گی۔

توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم کو مضبوط کرنے کے لئے تجربہ کار شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈہائی بجے شروع ہونے والے میچ کے لئے خوشگوار موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ اتوار کو ناٹنگھم میں بارش ہوتی رہی ۔

اتوار کو ٹرینٹ برج میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ سابق کھلاڑی کیا تھا اور اب کیا کہہ رہے ہیں وہ ذاتیات سے گریز کریں۔ سابق کھلاڑی ہمارے کھیل پر تنقید نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو جو کھلاڑی تنقید کررہے ہیں انہیں بتادوں کہ یہی لڑکے چیمپئنز ٹرافی جتوا چکے ہیں، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستانی قوم ہار نہیں مانتی۔

اظہر محمود نے اعتراف کیا کہ حسن علی کی کارکردگی کا گراف نیچے آیا ہے لیکن وہ وکٹیں لے رہا ہے، اس نے 10 میچوں میں9 وکٹ لئے ہیں اس میں صلاحیت ہے امید ہے کہ وہ کم بیک کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں وکٹیں نہیں مل رہی ہیں پاکستان کی بولنگ لائن اپ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو آؤٹ کرسکتی ہے۔

اظہر نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف بڑا اسکور کرنے کی صلاحیت ہے اور ہمارے پاس گیند باز ایسے ہیں جو کہ ان کے پلان کو ناکام کریں۔

پاکستان ٹیم میں باؤنس بیک کرنے کی صلاحیت موجود ہے، مسلسل گیار ہ میچوں کے بعد ایک جیت درکار ہے، انگلینڈ کو تین سو گیندیں کرانی ہیں لیکن میزبان بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کے لئے ہمیں 10 اچھی گیندوں کی ضرورت ہے، ہمارے بولروں میں صلاحیت ہے کہ انگلینڈ کو 300 سے کم اسکور پر آؤٹ کر لیں۔

اظہر محمود نے کہا کہ محمد عامر باصلاحیت بولر ہے اس کا فارم میں آنا خوش آئند ہےمثبت چیزوں کو اجاگر کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جو گیارہ میچ ہارے ہیں ان میں آسٹریلیا کے 5 ون ڈے انٹر نیشنل بھی ہیں جس میں ہم نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا، مانتا ہوں کہ آسٹریلیا کے پانچ میچوں کی وجہ سے ہم پر اضافی دباؤ آگیا ہے۔

تازہ ترین