• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک امریکا مشاورتی اجلاس میں زلمے خلیل زاد کی شرکت

امریکی نمائندہ خصوصی برائے زلمے خلیل زاد کی قیاد ت میں پاکستان آئے وفد کے ساتھ پاک امریکا دو طرفہ مشاورتی اجلاس ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر پاک، امریکا دوطرفہ مشاورتی اجلاس میں امریکی وفد کی قیادت نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد اور پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ خارجہ آفتابِ کھوکھر نے کی۔

امریکی وفد میں محکمہ دفاع و اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نمائندگان جبکہ پاکستانی وفد میں وزارتِ دفاع و وزارتِ خارجہ کے سینیئر حکام شامل تھے۔

مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات،خطے میں امن و امان کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفترخارجہ کاکہنا ہے کہ امریکی وفد کو پاکستانی وفد نے تجویز دی کہ تمام فریقین کو خطے میں دہائیوں سے جاری محاذ آرائی کے خاتمے کیلئے مسئلے کے سیاسی حل کی طرف بڑھنا چاہیے۔

ایڈیشنل سیکریٹری آفتابِ کھوکھر نے کہا کہ پاکستان،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا کہ خطے میں دیرپا قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

تازہ ترین