لندن ( آن لائن ) ایک اطالوی پراسیکیوٹررابرٹو ڈی مارٹینو نے کہا ہے کہ ٹینس کے دو درجن سے زیادہ کھلاڑیوں کو سٹہ بازوں سے تعلقات ہونے کی وجہ سے شامل تفتیش کرنا چاہیے۔ ان کھلاڑیوں کے نام میچ فکسنگ میں ملوث مشکوک سٹہ بازوں کے پاس سے حاصل کردہ شواہد میں موجود ہیں۔ ان میں وہ دو کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کا شمار دنیا میں ٹینس کے 20 بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ابھی تک دو اطالوی کھلاڑی پوٹیٹو سٹاراس اور ڈینیئل براسیالی پر تفتیش کے بعد مقدمہ دائر کیا جا چکا ہے۔ڈی مارٹینو کا کہنا ہے کہ یقیناً اگر یہ تمام کھلاڑی اطالوی ہوتے تو کم از کم ان سے سوال ضرور کیا جاتا۔ ان کو اپنے اس عمل کی وضاحت دینی چاہیے۔ ڈی مارٹینو گذشتہ دو سالوں سے میچ فکسنگ میں ملوث ان مشکوک حلقوں پر تفتیش کر رہے ہیں جس میں ٹینس کے اطالوی کھلاڑی اور سٹے باز دونوں شامل ہیں۔تفتیش کے دوران ان کو کھلاڑیوں اور سٹے بازوں کے درمیان انٹرنیٹ پر بات چیت اور ٹیلیفون کالوں کے شواہد ملے ہیں۔