کراچی میں عید کے دوسرے دن بھی حبس اور شدید گرمی کا راج ہے، دن 12 بجے شہرِ قائد کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا جبکہ گرمی کی شدت 42 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب 49 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ مغرب سے ہوائیں 22کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہونے کے باعث محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔
ملک پھر میں کہیں گرمی کی شدت کم تو کہیں بے انتہا اضافہ ہے، سندھ، پنجاب، بلوچستان میں روز بروز گرمی بڑھتی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، نواب شاہ سمیت دیگر شہروں میں گرم ہواؤں کے تھپیڑوں نے شہریوں کا بر احال کر رکھا ہے۔
یہی حال پنجاب میں ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دوسرے شہروں کا ہے جہاں حبس کا راج ہے۔
بلوچستان میں جعفر آباد، سبی، بولان اور متعدد مقامات پر سورج کی تپش نے گرمی کی شدت مزید بڑھا دی ہے۔
خیبر پخونخوا میں ایبٹ آباد اور گلیات، مری میں مطلع صاف موسم خوشگوار ہے، ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم کچھ بہتر ہے۔