وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو ملک کے حقیقی رہنما ہیں،کارکن مسائل کے حل کے لئے جاں فشانی سے کام کر کے ان کے ہاتھ مضبوط کر سکتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہائوس میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے رہنمائوں اور کارکنوں سے عید ملنے کے بعد گفتگو کی۔
ایک الگ پروگرام میں وزیراعلیٰ سندھ،صوبائی وزراء،چیف سیکریٹری ممتاز شاہ،مختلف ممالک کے قونصل جنرلز سے بھی عید ملے۔
کارکنوں اور پارٹی رہنماوں سے گفتگو میں سید مراد علی شاہ نے زور دیا کہ وہ اس شہر کے لوگوں کے ساتھ قریبی روابط کو فروغ دیں اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے سے ان کی مدد کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگ پارٹی کا اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں آپ شہر کے لوگوں کے ساتھ گہرے روابط قائم رکھیں اور انہیں مزید فروغ دیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے جاں فشانی کے ساتھ کام کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ آپ کراچی کے لوگوں کے ساتھ مل کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کرسکتے ہیں جو کہ اس ملک کے حقیقی رہنما ہیں اور ان میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ ملک کو موجودہ سماجی، سیاسی اور معاشی بحران سے نکال سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سماجی تحفظ کے حوالے سے حکمت عملی وضع کرنے جارہی ہے جیسا کہ چیئرمین پی پی نے اپنے انتخابی مہم میں لوگوں سے کہا تھا اور یہ منصوبہ آئندہ بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت سندھ کے لوگوں بالخصوص غریبوں کی ترقی کے لئے حکومت اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ غربت کے خلاف بھی اسی طریقے سے لڑے، جس طرح سے اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ بعد ازاں پارٹی کارکنوں کے ہمراہ سیلفیاں اور گروپ فوٹوز بنواتے رہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کرنے والوں میں راشد ربانی، وقار مہدی، لعل بخش بھٹو، ندیم بھٹو، پروفیسر این ڈی خان، قاضی بشیر و دیگر شامل تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ 8 مسلم ممالک سعودی عرب،ایران،کویت، قطر، بنگلا دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اور افغانستان کے قونصل جنرلز کے ساتھ بھی عید ملے۔
بعد ازاں صوبائی سیکریٹریوں جن کی قیادت چیف سیکریٹری ممتاز شاہ کررہے تھے، نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی اور عید کی مبارک باد دی۔