انجیر کو جنت کا پھل کہا جاتاہے، قرآن میں اللہ تعالیٰ نے اس کی قسم بھی کھائی ہے۔ انجیر کی ایک تاریخ ہے اور یہ صدیوںسے میٹھے کھانوں میں استعمال ہو تی آرہی ہے۔ اس کا نباتاتی نام فیک کریکا ہے۔ اس کا ذائقہ منفرد ہوتا ہے ، جبکہ اس کے ننھے ننھے بیج بآسانی کھالیے جاتے ہیں۔
غذائی خصوصیات
انجیر میں قدرتی طورپربہت زیادہ چینی، منرلز اور قابلِ حل فائبر ہوتاہے۔ اس کےمنرلز میں پوٹاشیم، کیلشیم ، میگنیشیم، فولاد اور تانبا ہوتاہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹ، وٹامن اے اور وٹامن کے کا بھی زبردست ذریعہ ہے، جو آپ کو صحت مند رکھنے میں بہت کام کرتے ہیں۔ یو ایس ڈی اے نیشنل نیوٹریئنٹ ڈیٹا بیس کے مطابق ان سے ہڈیوں کی مضبوطی بڑھتی اور فشار خون میں کمی آتی ہے۔ خشک انجیر میں فینول اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ ہوتے ہیں، جو صحت کو بہتر رکھنے کے کام آتے ہیں۔ انجیر کمزور لوگوں کو سڈول جبکہ چہرے کو سرخ و سفید بناتی ہے۔ انجیر کے دیگر فوائد کچھ یوں ہیں:
وزن میں کمی
انجیر میں موجود فائبر وزن کم کرنے میں مدد کرتاہے اور اکثر فربہ لوگوںکو اس کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔ امریکا کی یونیورسٹی آف اسکرینٹن میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق خشک میوہ جات خاص طور پر انجیر غذائی افادیت حاصل کرنےکا آسان اور بہترین ذریعہ ہے لیکن چونکہ اس میں شکر کی زائد مقدار ہوتی ہے تو اس کے زیادہ استعمال سے وزن بھی بڑھ سکتاہے، خاص طور پر جب اسے دودھ کے ساتھ استعمال کیا جائے۔ جتنی انجیر آپ کو تجویز کی جائے، اس سے زیادہ نہ کھائیں۔ انجیر کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اسے چلتے پھرتے بچے بڑے سب کھا سکتے ہیں۔
ہڈیوں کی مضبوطی
تحقیق سے پتہ چلاہے کہ انجیر کیلشیم سے بھرپور ہوتاہے، جو ہماری ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ اس سے ہڈیوں کے بھربھرے پن یعنی آسٹیو پروسس کا خطرہ بھی کم ہوتاہے۔ اس کے علاوہ اس میں فاسفورس بھی ہوتاہے، جو ہڈیوں کی نشوونما اور ان کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے میں مدد کرتاہے۔ انجیر کا جام بھی کیلشیم کے حصول میں کردار ادا کرتاہے۔
بلڈ پریشر میں کمی
بہت سے لوگ نمک کی شکل میں سوڈیم لیتے ہیں لیکن کم مقدار میں پوٹاشیم جبکہ سوڈیم کی زائد سطح ہائپر ٹینشن کا باعث بن سکتی ہے۔ انجیر میں پوٹاشیم زیادہ اور سوڈیم کم ہوتاہے، اس لئے یہ ہائپرٹینشن کا عمدہ دفاع کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ایسا پھل ہے، جس سے جسم کو راحت ملتی اور اعصابی نظام عمدگی سے کام کرتاہے۔
امریکن ڈائبٹیس ایسوسی ایشن زائد فائبر کی وجہ سے ذیابطیس کے مریضوں کوانجیر کھانا تجویز کرتی ہے۔ انجیر کے پتے انسولین کی مقدار کو کم کرتے ہیں، جو ذیابطیس کے مریضوں کو انسولین کے انجیکشن کے ذریعے درکار ہوتی ہے۔ انجیر میں موجود پوٹاشیم کھانا کھانے کے بعد شوگر کی جسم میں جذب ہونے والی مقدار کو ریگولیٹ کرنے میں مدد کرتی ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل
ایک ریسرچ کے مطابق انجیر میں وافرمقدار میں پولی فینولز موجود ہوتے ہیں۔پولی فینولز دراصل اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں، جو جسم کے تکسیدی اسٹریس کو تحفظ دیتے ہیں۔
قبض سے بچائو
امریکا کی یونیورسٹی آف اسکارنٹن کی ایک اسٹڈی کے مطابق انجیر میں خاص مقدار میں اچھا فائبر موجود ہوتاہے۔ یہ معدے کے افعال کو بہتر کرتے ہوئے جسم کو صحت مند رکھتااور قبض سے بچاتاہے۔ اس کے علاوہ یہ معدے کے افعال میں بہتری لاتے ہوئے ڈائیریا اور بواسیر جیسے عوارض سے بھی محفوظ رکھنے میں مدد کرتاہے۔
کولیسٹرول کی کم سطح
انجیر میں پیکٹن (pectin)ہوتا ہے ، جو حل پذیر فائبر کی وجہ سے پیٹ کے افعال کو درست رکھتاہے۔ جب فائبر نظام ہاضمہ کے راستے پر حرکت کرتاہے، تو یہ کولیسٹرول کے اضافی ڈھیر کی صفائی کرتا چلا جاتاہے اور اسے نظام اخراج کے ذریعے باہر دھکیل دیتاہے۔ ایک ریسرچ کے مطابق پیکٹن کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میںمعاون ثابت ہوتاہے۔
الزائمر سے تحفظ
دماغی امراض سے محفوظ رکھنے والے پھلوںمیں انجیر سب سے بہترین ہے۔ آسٹریلیا اور امریکا کی مشترکہ تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہےکہ یہ پھل بڑھتی عمرکی وجہ سے دماغی خلیوں میں ہونے والی کمی کو روکتاہے، جس سے الزائمر جیسی بیماریوںکا خطرہ کم ہونے میںمدد ملتی ہے۔
حلق کی سوز ش میں آرام
انجیر میں موجود لیس دار مادے (Mucilage) کی زائد مقدار گلے کی سوزش کو ٹھیک کرنےاور اس سے محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے۔ اس پھل کی آرام پہنچانے والی خاصیت گلے کی نالیوں کے اسٹریس کو سکون پہنچانے میں بھی بہت کام آتی ہے۔