• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھکارن نے آن لائن 50 ہزارڈالرز کی بھیک جمع کر لی

دبئی میں بھکارن نےسوشل میڈیا پر لوگوں کو بیوقوف بنا کر 17 دنوں میں50 ہزار ڈالرز کی بھیک لے لی۔

دبئی پولیس کے شعبہ کرمنل انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمال السلیم الجالف کے مطابق دبئی میں ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کی تصاویر شیئر کر کے لوگوں سے مدد مانگتے ہوئے بتایا کہ اُن کی شادی ناکام ہو گئی ہے اور اب بچوں کی وہ واحد کفیل ہیں، اُن کی مدد کی جائے۔

بریگیڈیئر جمال السلیم الجالف نے گزشتہ روز میڈیا کانفرنس کے دوران بتایا کہ مذکورہ بھکارن نے فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر لوگوں کو اپنے بارے میں بتایا کہ وہ ایک اکیلی عورت ہے،جس کی شادی ناکام ہو چکی ہے، اب بچوں کو پالنے کے لیے اسے مالی مدد کی ضرورت ہے۔

خلیج ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق بھکارن نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو بتایا کہ اُس کی طلاق ہو گئی ہے، لوگوں کو بے وقوف بناتے ہوئے خاتون نے کہا کہ بچوں کی پرورش کے لیے مالی مدد دی جائے، اسی طرح صرف 17 دنوں میں اس کے پاس 50 ہزار ڈالرز ( 183,500 درہم) جمع ہو گئے۔

بریگیڈیئر جمال السلیم الجالف نے بتایا کہ خاتون کے سابقہ شوہر کو اپنے رشتہ داروں کے ذریعے معلوم ہوا کہ اُس کی بیوی اُس کے بچوں کی تصویروں کو استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بھیک مانگ رہی ہے۔

خاتون کے شوہر نے پولیس کے ای کرائم پلیٹ فارم سے رابطہ کیا اور رپورٹ درج کرائی کہ میرے بچے میرے ساتھ ہی رہ رہے ہیں، جبکہ میری بیوی بچوں کی تصاویر اور میرا نام استعمال کر کے میری ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، جس کے بعد خاتون کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

پریس کانفرنس کے آخر میں شعبہ کرمنل انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمال السلیم الجالف نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی بھیک نہ دیں، چاہے وہ گلی محلے میں مانگی جائے یا کوئی آن لائن مدد کی اپیل کرے۔

تازہ ترین