قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف اور شازیہ مری نےسابق صدر آصف علی زراری کے پروڈکشن آرڈر فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر اسی وقت جاری کیے جائیں اور ان کے آنے تک ایوان کی کارروائی معطل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں آنا چاہ رہے ہیں، پولیس نے ان کے گھر کا گھیرائو کرلیا ہے، انہیں پارلیمنٹ آنے سے روکا جارہا ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار اس بات کا جواب نہیں دے سکے کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مطلع کیا ہے یا نہیں؟ اسپیکر صاحب آپ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر اسی وقت جاری کیے جائیں،میں آرڈر لے کر جاؤں اور انہیں ہاؤس میں لے کر آؤں، آصف زرداری کے آنے تک ہاؤس کی کارورائی معطل کریں۔
راجا پرویز اشرف کے مطالبے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ میں اس پر قانونی مشاورت کرلوں۔
اس سے قبل شازیہ مری نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ آصف زرداری کو نیب ہراساں کر رہی ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کیا حکومتی اراکین پر نیب کیسز نہیں ہیں؟ ہمارے ساتھ الگ اور حکومتی اراکین کےساتھ سلوک الگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یکے بعد دیگرے اپوزیشن اراکین اسمبلی اٹھائے جا رہے ہیں،کیا حکومتی اراکین پر نیب کیسز نہیں ہیں،ہمیں بات نہیں کرنے دی جاتی۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ ہم کہاں بات کریں،یہ کیسی جمہوریت ہے؟ ہمارے منہ بند کئے جارہے ہیں،آپ یقینی بنائیں کہ آصف زرداری اس وقت ایوان میں آئیں، ہمیں تاخیری حربوں میں نہ پھنسائیے گا۔