• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں وکلاء ایکشن کمیٹی کا احتجاج، امان اللہ کنرانی کا گھیرائو

کراچی، لاہور ( اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کے معاملے پرکراچی میں پی ٹی آئی حامی وکلا نے آل پاکستان ایکشن کمیٹی کے نام سے دھڑا بنا لیااور 14 ؍جون کو وکلا ہڑتال کا فیصلہ مسترد کردیا۔ کراچی میں ایکشن کمیٹی نے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر وکلاء نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی کا گھیرائو کیا، وکلاء نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سمیت تمام ججوں کی جائیدادوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر نے بھی کہا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس کے معاملہ پر لاہور بار 14جون کونہ تو ہڑتال کریگی نہ کسی جگہ وکلاء دھرنا دیں گے۔پاکستان مسلم لیگ لائرز ونگ نے بھی ججوں کے احتساب کے بارے میں سپریم جوڈیشل کونسل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے حامی وکلا نے ہڑتال کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے پیر کواحتجاجی مظاہرہ کیا اور سندھ ہائی کورٹ سے ریلی بھی نکالی پی ٹی آئی وکلا کی ایکشن کمیٹی کے صدر مختار جونیجو کی قیادت میں کئے گئے مظاہرے کے دوران وکلا نے 14 جون کو ہڑتال کے اعلان کی مخالف کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امان اللہ کنرانی کا گھیراؤ کرلیا۔ اس موقع پرسپریم کورٹ بارکے صدر اورریلی کے شرکا کے مابین تکرار ہوئی۔ پی ٹی آئی کے حامی وکلا کا کہنا تھا کہ آپ کے فیصلے کو نہیں مانتے جس پر امان اللہ کنرانی نے کہا ہڑتال کا فیصلہ متفقہ ہے۔ 14 جون کو ہڑتال ہر صورت میں ہوگی۔ بعدازاں کراچی پریس کلب میں آل پاکستان وکلا ایکشن کمیٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے احتشام الحق ایڈووکیٹ نے اپنا تعارف ایکشن کمیٹی کے بجائے رکن سندھ ہائی کور ٹ بار ایسوسی ایشن کے گورننگ باڈی کے طورپر کرایااور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایکشن کمیٹی 14جون کی ہڑتال کے خلاف ہے ،ہم وکیل ہیں کسی مخصوص ٹولہ کی حمایت نہیں کرسکتے ہیں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کوئی پریشانی ہے تو کا رروائی کا سامنا کریں، مخصوص ٹولہ70 سال سے وکلا کو بے وقوف بنا رہا ہے۔
تازہ ترین