فرحان سعید گلوکاری کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھاچکے ہیں اور جلد ہی بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہونے والے ہیں۔ عروہ حسین کے ساتھ آن اسکرین جوڑی بنانے کے بعد وہ حقیقی زندگی میں یہ بھی جوڑی بناکر خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔ عروہ سے ان کی ملاقات ایک پارٹی میں ہوئی تھی، جہاں فرحان عروہ کو اپنا دل دے بیٹھے تھے۔ فرحان اس لمحے کی بابت کہتے ہیں ، ’’ سب سے پہلی بلکہ سب سے زیادہ مجھے عروہ کی جو بات اچھی لگی، وہ ا س کی صاف گوئی اور ایمانداری تھی۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں لوگ بہت سارے چہروں کے ساتھ ملتے ہیں، اس میں کسی قسم کی بناوٹ نہیں ہے، یہاںتک کہ جو لوگ اس کی کئی باتیں پسند نہیں کرتے، مجھے وہ بھی اچھی لگتی ہیں‘‘۔
شادی کے بعد انسان ایک دوسرے کے مزاج کے مطابق ڈھلنے کے کوشش کرتاہے، اس کے متعلق فرحان کہتےہیں، ’’سچی بات تو یہ ہے کہ میری زندگی مکمل تبدیل ہو چکی ہے۔ اب میں زیادہ فوکسڈ اور منظم ہوں۔ شادی کے بعد بہت ساری اچھی چیزیں میرے ساتھ ہوئی ہیں۔ حقیقت تو یہ ہےکہ ہم اپنے رشتے کو دوستی کا نام دیں تو زیادہ بہتر ہوگا۔ ایک کپل کی حیثیت سے اگر آپ ایک دوسرے کو دوست سمجھیں تو زندگی اچھی گزرسکتی ہے۔ آپ کو ایک دوسرے کے ساتھ مخلص ہونا پڑتا ہے۔ ایک دوسرے کو سمجھنا اور تحفظ دینا ہوتاہے ، جیسے دوست آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ کر تے ہیں‘‘۔
کامیابی سے رشتے نبھانے کا راز فرحان کھولتے ہیں، ’’ بہترین دوستی یہ ہے کہ ایک دوسرے کی رہنمائی کرو، ایک دوسرے کو سمجھو ، پیار کرو۔ اگر کسی ایک کے ساتھ کچھ ٹھیک نہیں ہو رہا تو اس کو اکیلا نہ چھوڑو، اس کے بارے میں بات کرو، معاملہ سلجھائو‘‘۔
بقول فرحان،وہ اورعروہ ایک دوسرے کے ساتھ روایتی میاںبیوی جیسے نہیں ہیں ، ایک دوسرے کے لئے unpredictableہیں، اس لیے ان کے رشتے میں کئی دلچسپ چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔
فرحان کا کہنا ہے، ’’عروہ میری ہر طرح سےحوصلہ افزائی اورتعریف کرتی ہیں۔ کبھی جب خود کو ڈائون محسوس کرتا ہوں تو میری ہمت بندھاتی ہیں ۔ اس طرح میں بھی ا س کے ساتھ چلتا ہوں کیونکہ ہر انسان کی اپنی قوتیں اور کمزوریاں ہوتی ہیں۔ جب دو لوگ ملتے ہیں تو ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں ،کمزوریوں کو دور کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو مکمل کرتے ہیں۔ زیادہ تر مجھے چیزیں نظرانداز کرنی ہوتی ہیں کیونکہ مردزیاد تر چیزوں کو ویلیو نہیں دیتے یا بہت کم دھیان دیتے ہیں۔ یہ نہیں کہ عروہ مجھ سے لڑائی کرتی ہے یا نہیں، لیکن مردوں کے مقابلے میں عورتیں چیزوں کو زیادہ سنجیدگی سے لیتی ہیں ‘‘۔
شوبز کی دنیا میں دونوں کا اپنا اپنا مقام ہے ، جس کے بارے میں فرحان لب کشائی کرتے ہیں، ’’ دوسرے کپلز کی طرح ہمارے اند ر بھی کچھ چیزیں مشترک ہیں، ہم ایک دوسرے سے شیئر کرتے ہیں، ایک دوسرے کا آپس میں موازنہ نہیں کرتے ‘‘۔
شوبز میں افواہیں بڑی تیزی سےگردش کرتی ہیںاور اس جوڑے کو ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ جب کسی قسم کی عجیب وغریب خبر ان دونوں کے بارے میں چھپتی ہے تو دونوں خوب ہنستے ہیں۔ دونوں آپس میں اس قدر مربوط ہیں کہ ان کے درمیان کسی افواہ کی گنجائش ہی نہیں ہے۔ فرحان اپنا ویک اینڈ اپنی بیگم کے ساتھ نیٹ فلکس پر گزارتے ہیں، دونوں مل کر موویز انجوائے کرتے ہیں ، سینس آف ہیومر شیئر کرتے ہیں۔ فرحان اور عروہ کو سفر کرنا پسند ہے، دونوں نے اپنا ہنی مون موریشئس میں منایاتھا ۔ دونوں یورپ بھی گھوم چکے ہیں۔
فرحان اور عروہ نے ایک ڈرامے میں ساتھ کام کیاتھا۔ دونوں کی کیمسٹری کمال کی تھی۔ لگتا نہیں تھا کہ دونوں اداکاری کررہے ہیں ،دونوں کے ایک دوسرے کے ساتھ التفات کے احساسات ناظرین نے بھی محسوس کیے۔ اس کے بعد بھی ناظرین دونوں کو ایک ساتھ اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ ناظرین کی خواہش جلد پوری ہوگی۔
فرحان سعید کے البمز ’عادت‘ اور ’بوند‘کے مشہور گیت خواہشیں، پی جائوں، ہلکا ہلکا سرور، روئیاں، سجنا، ساتھیا، تیری چاہ میں، مولا، مسافر وغیرہ آپ کی سماعتوں کو لبھائیں گے۔ اس کے علاو ہ فرحان پڑوسی ملک میں بھی گلوکاری کرچکے ہیں، جن میں میٹھی یادیں( قسم سے قسم سے)، کیوںگئی ( دل تو کردااے پیار)، نامِ وفا ( کریئیچر تھری ڈی) ، بھول نہ جانا ( میں اور مسٹر رائٹ) اور تھوڑی دور ( ہاف گرل فرینڈ) جیسے گانے شامل ہیں۔
مسز فرحان یعنی عروہ حسین کی پیشکش میں بننے والی فلم کے لیے شوٹنگ کرتے ہوئے ایک ایکشن سین کے دوران فرحان زخمی ہوگئے تھے۔ یہ فلم رواں سال ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔