• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کو 87رنز سے شکست، آسٹریلیا پہلے نمبر پر

ورلڈ کپ 2019ء کے 20ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 87رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن سنبھال لی۔

اوول گرائونڈ پر کھیلئے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 335رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 45اعشاریہ 5اوورز میں247رنز پر آئوٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے 115رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا،دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کی۔

16ویں اوور میں 115کے اسکور پر کوشل پریرا 52رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوگئے،آسٹریلیا کو دوسری وکٹ 153کے اسکور پر تھیریمانے کی ملی، جو 16 کے انفرادی اسکور پر بہرنڈورف کی وکٹ بن گئے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ 186کے اسکور پر کپتان کارونارتنے کی گری جو نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے،97 رنز پر کھیل رہے، سری لنکن کپتان کی وکٹ رچرڈسن کے حصے میں آئی، انہوں نے اننگز کے دوران 9 چوکے لگائے۔

آسٹریلیا کو چوتھی وکٹ 205رنز پر ملی،اینجلو میتھوز کی گری،وہ 9 رنز بناکر کومنس کا شکار بن گئے،ان کی وکٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔

سری لنکا کی پانچویں وکٹ 209پر میلنڈا سری وردنے کی گری،اس کے بعد 217کے اسکو ر پر تھیسارا پریرا 3رنز بناکر اسٹارک کی تیسری وکٹ بنے۔

آسٹریلیا کو ساتویں وکٹ 222کے اسکور پر کوشل مینڈس کی ملی، وہ 30رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 236 رنز پر گری،اوڈانا 8رنز بناکر رچرڈسن کی گیند کیچ آئوٹ ہوگئے۔

مالینگا سری لنکا کے آئوٹ ہونے والے نویں بیٹسمین تھے، وہ 237 کے اسکور پر 1رنز بناکر رچرڈسن کا تیسرا شکار بنے جبکہ 247کے اسکور پر پرادیپ بغیر کوئی رنز بنائے کومنس کی بال پر کارے کو گیند تھما بیٹھے۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارک نے 4،رچرڈسن نے 3، کومنس نے 2 اور بہرنڈورف نے 1وکٹ اپنے نام کیا۔

شاندار پرفارمنس پرآسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ایک بار پھر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرلیا،وہ پاکستان کے خلاف میچ میں بھی مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔

انہوں نے سری لنکا کے خلاف 153رنز کی زبردست اننگز کھیلی، آج کی بیٹنگ کے بعد وہ ورلڈ کپ 2019ء میں 343رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی ٹیم ٹیبل پر 8پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے،نیوزی لینڈ کی ٹیم 7پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ 6 اور بھارت 5 پوائنٹس کے بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ آج کی شکست کے باوجود سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔

تازہ ترین