کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹور نامنٹ میں شر کت نہ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ایونٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ پہلی بار نہیں ہے۔ پی ایچ ایف کے حکام اپنی وضاحت میں اس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے کہ انہوں نے اپنی پریس ریلز میں لکھا ہے کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ 1979 کی چیمپئنز ٹرافی کے لئے کوالیفائی نہیں کیا جبکہ درحقیقت اس سال یہ ایونٹ ہوا ہی نہیں تھا۔ پی ایچ ایف میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی تجویز پر 1978میں اس ایونٹ کا آغاز کیا گیا، پی ایچ ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اب تک ہونے والی 35 چیمپئنز ٹرافی میں سے تین بار1978،1980،1994 میں فاتح رہا ہے۔ ایف آئی ایچ نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں شر کت کے لئے تاخیر سے آ گاہ کیا، پاکستان کی ٹیم اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاری میں مصروف ہے جس کی وجہ سے اس ایونٹ میںشر کت اور خراب نتائج سے کھلاڑیوں کا اعتماد اور مورال گر سکتا تھا، مختصر وقت میں ایک مضبوط ٹیم کی تیاری نہیں ہوسکتی تھی۔ دریں اثناء پی ایچ ایف کے سیکریٹری شہباز احمد جمعرات کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کریں گے۔