• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر متعلقہ وکلا کی بطور لا آفیسر تعیناتی نا انصافی ہے: انصاف لائرز فورم

ملتان( سٹاف رپورٹر) تحریک انصاف میں سال ہا سال سے قربانیاں دینے والے وکلاء کو نظر انداز کر کے غیر متعلقہ وکلاء کی بطور لاء آفیسر تعیناتی پرانے کارکن وکلاء کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔ان خیالات کا اظہار انصاف لائرز فورم ملتان ڈویژ ن کے صدر اورنگ زیب عالمگیر جنجوعہ اور ضلعی صدر احتشام الحق نے انصاف لائرز فورم ملتان ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ اور بہاولپور بنچ میں انصاف لائرز فورم کا ونگ ہی ہے جس نے تحریک انصاف کا اقتدار میں لانے کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ تشدد اور گرفتاریاں برداشت کرنےوالوں کومکمل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ آج ان کی قربانیوں کو فراموش کردیا گیا ہے ہم یہ نا انصافی ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارٹی کو مضبوط رکھنے کے لئے ان معاملات کا خود نوٹس لیں تاکہ آئی ایل ایف کے مایوس وکلا کا احساس محرومی ختم ہو سکے۔اجلاس میں نائب صدر پنجاب خوش بخت خان ،ڈویثرنل جنرل سیکرٹری عبدالرئووف خان نیازی،ضلعی صدر احتشام الحق،ضلعی جنرل سیکرٹری شاہ زیب افشار،ضلعی سینئر نائب صدروحید رضا گیلانی،نائب صدرشیخ شاہد نعیم،نائب صدرطاہر منصور بخاری، شفیق ملک، انوار احمد،سبطین رضا،میاں طارق، میاں نزیر،صفدر رامے،اجمل خان،عبدالستار ملک،شمس الحق اور دیگر وکلاء نے شرکت کی۔دریں اثنا آئی ایل ایف ممبران کی جانب سے دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انصاف لائرز فورم کے مرکزی رہنماء غلام مصطفٰے چوہان نے کہا کہ پاکستان میں قانون اور آئین کی پاسداری و عمل کا دور شروع ہو گیا ہے دنیا میں وہی قومیں کامیاب ہیں جہاں قانو ن و آئین کی حکمرانی ہے اور بلا تفریق قانون سب کیلئے حرکت میں آتا ہے۔
تازہ ترین