• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خضدار ضلع خضدار کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج لانے کی کوشش کی گئی ، یونس عزیز زہری

خضدار(نامہ نگار) رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ مالی سال2019-2020 میں خضدار ضلع کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج لانے کی کوشش کی گئی ہے،اجتماعی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے،اور پورے حلقے میں فنڈز منصفانہ انداز میں تقسیم کیا گیاہے، مختص فنڈ ز میں خضدار سٹی، فیرو ز آباد، نال، گریشہ، کودہ کوڑاسک میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کا احاطہ کیا گیا ہے، اپنے حلقہ انتخاب میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی، مواصلات کے نظام کو درست بنانے کے لئے سڑکوں کی تعمیر، صحت اور ایجوکیشن میں ترقی لانے اور عوام کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جائیگی۔خضدار اور نال میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر بھی کیئے جائیں گے، علاوہ ازیں دیگر عوامی منصوبے بھی تشکیل دیئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور عوام کے مسائل کا حل ہمارے وژن میں شامل ہے، عوام نے جس مقصد کے لئے منتخب کیا تھااور ہم نے عوام کی ان امیدوں پر پورا اترنے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر بتدریج عملدرآمد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ایک تو ہمارا صوبہ غریب ،وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں، اور پھر ہم اپوزیشن بینچوں پربھی بیٹھے ہیں اس کے باوجود عوامی مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی ہے ، اور عوامی مسائل کا ادراک بھی ہے اور دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے انہیں حل کرنے کی جانب بھی بڑھ رہے ہیں۔
تازہ ترین