• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ،بی ایف اے کی کارروائی، مضر صحت اجزاکے استعمال پرآئس کریم فیکٹری سیل

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر ( ر) بشیر احمد نے کہا ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور مضر صحت ایشاکی فروخت اورکاروبار کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا آئسکریم فیکٹری کو پروڈکشن میں غیر معیاری و مضر صحت اجزاء کے استعمال پر سیل کردیا گیا یہ بات انہوں نے گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائیوں کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جمعرات کو بھی بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے نوا کلی اور عالمو چوک کے علاقوںمیں کھانے پینے کے مراکز بیکریز اور آئسکریم فیکٹریوں کا معائنہ کیا ۔ معائنے کے دوران ہاٹ اینڈ سپائسی میں اتھارٹی کی جانب سے انتباہ کے باوجود خراب گوشت کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 15 ہزار روپے جبکہ سخی ہوٹل کو 5ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ایک اور کارروائی میں عالمو چوک پر واقع آئسکریم فیکٹری کو پروڈکشن میں غیر معیاری و مضر صحت اجزاء کے استعمال پر سیل کردیا گیا۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے نوا کلی میں رحمادہ بیکری کو وارننگ نوٹس جاری کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان و چیئر مین بی ایف اے جام کمال خان کے وژن و ہدایات کے مطابق صوبے میں خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بی ایف اے کوشاں ہےجبکہ فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں کی مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔انسانی زندگیوں سے کھیلنے اور مضر صحت اشیاءکی فروخت اورکاروبار کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔  
تازہ ترین