علم نجوم میں دائرۃ البروج کے 90 سے 119درجات پر مشمل حصہ، برج سرطان (Cancer)کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ چوتھا برج ہے۔ شمس 21جون سے 22جولائی تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ برج حمل کا حاکم سیارہ قمر اور اس کی خوبی افضل (Cardinal) ہے جبکہ علامتی نشان/ کیکڑا، عنصر یا مادہ/پانی، جنس/ مؤنث، خوش بختی کا دن/ پیر اور جمعرات، رنگ/سفید، خوش بخت بروج /ثور، پتھر /موتی اور یاقوت احمر، خوش بختی کا عدد2جبکہ تجارت، سیاست، شاعری، موسیقی، مصوری اور اداکاری جیسے پیشے موافق رہتے ہیں۔
شخصیت کا جائزہ
برج سرطان کے تحت پیدا ہونے والے افراد شخصی وقار کے حوالے سے کچھ زیادہ ہی حساس ہوتے ہیں۔ ان میں بہت زیادہ فنی اور تخلیقی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں۔ تحریر ، شاعری یا مصوری کے ذریعے انھیں اپنی سوچ اور جذبات کا اظہارکرنے میں تسکین حاصل ہوتی ہے۔ یہ فرمانبردار اور دوسروں کے ساتھ مخلص ہوتے ہیں اور اپنے خلوص کے بدلے کسی سے کوئی امید وابستہ نہیں کرتے۔ ان میں سطحی فطرت، متلون مزاجی اور صلح جوئی کے اوصاف نمایاں نظرآتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں ایک خاص قسم کی کشش پائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے دوسرے ان کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ بےحد حساس اور تصواراتی فطرت کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ بہت جذباتی ہوتے ہیں، اپنے احساسات کا اظہارکرنے میں وہ کبھی کبھی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ ایک اچھی بات یہ کہ سرطان افراد بحث و تکرار اور لڑائی جھگڑے سےدور رہتے ہیں۔
شوبز کی چند معروف سرطان شخصیات
ملکی اور غیرملکی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات برج سرطان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان میں نیلی، بابر علی، راحت کاظمی، سنیتا مارشل، صنم بلوچ، نور ، نرما، ماہ نور بلوچ، ٹوبی میگئیر، مائیک ٹائسن، ایوا گرین، سلوسٹر اسٹالون، آریانا گرینڈ شامل ہیں جبکہ چند کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔
ندیم بیگ
پاکستان سلور اسکرین کے لیجنڈ اداکار ندیم بیگ19جولائی 1941ء کومدراس (برٹش انڈیا) میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد ان کا خاندان کراچی میں آباد ہوا۔ 1967ءمیں انھوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز فلم ’چکوری‘ سے کیا، جس کے بعد انھوں نے دوسوسے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ شبنم کے ساتھ ان کی جوڑی کو فلم بینوں نے خوب پسند کیا۔ انھوں نے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے جبکہ صدر پاکستان کی جانب سےانھیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازاگیا۔ ندیم نے گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور متعدد فلموں میں بطور پلے بیک سنگر گانے گائے۔
عروہ حسین
2جولائی 1991ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی عروہ حسین کو اسکرین پر چمکتے بہت زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن ان کی شہرت کوپر لگ چکے ہیں۔ وہ ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔ انھوں نے اپنی منزل کھوجنے کے دوران پہلے رقص کی تعلیم کیلئے کوشش کی، پھر اسکیچنگ اور پینٹنگ شروع کردی۔ ڈراموں میں معصومانہ کردار ادا کرنےو الی عروہ اصل زندگی میں بہت شرارتی ہیں۔ وہ کسی بھی ڈرامے میں اپنا کردار قبول کرتے وقت دماغ سے زیادہ دل کی سنتی ہیں ،چاہے وہ پروجیکٹ کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو۔ عروہ کی زندگی کا سب سے بڑا سہارا ان کے شوہر گلوکار و اداکار فرحان سعید ہیں۔
ابرار الحق
’اساں تے جاناں بلو دے گھر‘ جیسے مشہور گانے سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چُھونے والے ابرار الحق21جولائی 1968ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، تاہم ان کا تعلق نارووال سے ہے۔ 1995ء میں ریلیز ہونے والی ان کی پہلی البم ’بلو دے گھر‘کی دنیا بھر میں کروڑوں کاپیاں فروخت ہوئیں۔ انھیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز، تمغہ امتیازاور2005ء میں زلزلہ زدگان کیلئے کام کرنے پر ستارہ ایثار سے نوازا گیا۔ وہ گلوکاری کے ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انھیں اسلامی کانفرنس تنظیم کا پہلا ہیومنیٹیرین ایمبیسیڈر ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
سونیا حسین
کراچی سے تعلق رکھنے والی سونیا حسین 15جولائی 1991ء کو پیدا ہوئیں۔ وہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی ایک انتہائی باصلاحیت اداکارہ اور ماڈل ہیں۔ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ بننے سے لے کر اب تک پروجیکٹس کے بہترین انتخاب کے باعث وہ اپنے لیے مضبوط جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔ ٹیلی ویژن پر کئی ڈراموں میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ سونیا حسین کو پاکستان فلم انڈسٹری کا بھی ایک بہترین اثاثہ مانا جاتا ہے۔ انھوں نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 2011ء میں 20سال کی عمر میں کیا اور اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے باعث جلد ہی انڈسٹری میں ایک مقام بنا لیا۔
لیڈی ڈیانا
پرنسز آف ویلز آنجہانی لیڈی ڈیانا یکم جولائی 1961ء کو سینڈرنگھم (برطانیہ) میں پیدا ہوئیں۔ ان کا حسن و جمال ہر کسی کو اپنا گرویدہ بنالیتا تھا، وہ انتہائی جاذب نظر،انسان دوست اور بہادر تھیں۔ ان کا تعلق برطانیہ کے اسپنسر خاندان سے تھا۔ جولائی1981ء میں ان کی شادی برطانوی ولی عہد شہزادہ چارلس سے ہوئی، جسے دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ نے بھرپور کوریج دی۔ تاہم، دونوں کے درمیان نااتفاقی کی وجہ سے اگست 1996ء میں یہ رشتہ ختم ہوگیا۔ڈیانا کو شروع سے ہی فلاحی کاموں میں دلچسپی تھی، انھوں نے دنیا بھر میں مختلف فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور اسی مقصد کے تحت دو بار پاکستان کا دوہ بھی کیا۔31اگست 1997ء کو وہ ایک کار حادثے میں چل بسیں لیکن کئی سال گزر جانے کے بعد بھی وہ آج تک لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
ٹام کروز
ہالی ووڈ کے مشہور و معروف ایکشن ہیرو ٹام کروز 3جولائی 1962ء کو امریکی شہر نیویارک میں پیدا ہوئے۔ ویسے تو انھوں نے کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کیا ہےلیکن اگر انھیں ’مشن امپاسبل‘کی پہچان کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ٹام کروز نے اپنے کیریئر کے ابتدا میں چھوٹے کردار ادا کیے۔ وہ فلم ’ٹاپ گن‘ سے معروف ہوئے، جس نے باکس آفس پر176ملین ڈالر کا بزنس کیا۔ انھوں نے بطور فلمساز مشن امپاسبل سے ابتدا کی، اس فلم میں ان کے ادا کیے گئے کئی ایکشن سین کافی مقبول ہیں۔ 2012ء میں فوربس میگزین کی جانب سے انھیں 7کروڑ 50 لاکھ ڈالر سالانہ کمائی کے ساتھ ہالی ووڈ اداکاروں میں سر فہرست قرار دیا گیا۔ ٹام کروز کو تین بار گولڈن گلوب ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
سِلینا گومز
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور پاپ سنگر سِلینا گومزکا نام دنیا بھر میں کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ 22جولائی1992ء کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر گرینڈ پریری میں پیدا ہونے والی سِلینا گومز نے ڈزنی چینل کے مشہور مزاحیہ ڈرامہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور آج ایک کامیاب اداکارہ، ماڈل، موسیقار، ڈیزائنراور سونگ رائٹر کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔ انھوں نے گلوکاری کا آغاز 2012ء میں کیا اور مختصر عرصے میںہی اہم کامیابیاں حاصل کرلیں۔ سِلینا ہالی ووڈ کی وہ پہلی کم عمر اداکارہ ہیں، جنہیںیونیسیف کی خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا۔ سِلینا گومز سوشل میڈیا پر چھائی رہنے والی اداکاراؤں میں شامل ہیں۔
وِن ڈیزل
’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ جیسی کامیاب فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والے مقبول اداکار وِن ڈیزل 18جولائی 1967ء کو امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے 90ء کی دہائی میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ابتدا میں انھیں خاص کامیابی نہ ملی، تاہم فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔ اداکاری کے علاوہ وہ ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کے طور پر بھی سامنے آئے۔ وہ شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم ’اوَتار‘ کے سیکوئل میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ نامور ہالی ووڈ اداکار کو واک آف فیم میں بھی جگہ دی گئی ہے اور ان کے نام کا ستارہ نصب کیا گیا ہے۔