• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کا ویسٹ انڈیز کو 292رنز کا ہدف

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 29ویں میچ میں ایونٹ کی ناقابل شکست نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 292رنز کا ہدف دے دیا۔

اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کے شاندار 148 اور روس ٹیلر کی 69رنز کی بدولت مقررہ 50اوورز میں8وکٹ پر 291رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کو پہلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے دونوں اوپنر مارٹن گیٹل اور کولن منرو کی وکٹیں مل گئیں، جس کے باعث ٹیم نیوزی لینڈ وقتی طور پر پریشر میں آگئی۔

مارٹن گپٹل اور کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے ویسٹ انڈیز کے بولر کوٹریل کا شکار بنے۔

تیسری وکٹ پر کپتان کین ولیمسن نے روس ٹیلر کے ساتھ مل کر 160رنز کی شراکت قائم کی،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے کئی عمدہ اسٹروک کھیلے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

روس ٹیلر 167 کے مجموعے پر 69رنز بناکر کرس گیل کا شکار بن گئے ،انہوں نے اس دوران7چوکے لگائے۔

کین ولیمسن اور روس ٹیلر کی شراکت کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں،نیوزی لینڈ کے کپتان نے 148رنز کی اننگز کے دوران 14 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔

دیگر کھلاڑیوں میں ٹوم لیتھم12، جیمی نیش28، گرینڈہوم 16، سین ٹنر10 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کے کوٹریل نے 56رنز کے عوض 4،بریتھویٹ نے2 اور کرس گیل نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔

ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ آج کے میچ سے قبل 5، 5 میچز کھیل چکے ہیں،نیوزی لینڈ کے بغیر کسی شکست کے 9پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے،ویسٹ انڈیز سے جیت کے بعد وہ ایک بار پھر سرفہرست ہوجائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے 3پوائنٹس ہیں اور درجہ بندی وہ 7ویں نمبر پر ہے، آج کے میچ میں کامیابی کی صورت میں وہ بنگلادیش سے چھٹی پوزیشن چھین لے گا۔

تازہ ترین