کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں عالمی اسکواش کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں، کراچی جہاں انٹرنیشنل اسکواش کے دروازے بند ہوگئے تھے اب یہاں بھی دنیا کے بھر کے کھلاڑی آئیں گے، اس ضمن میں یہاں ٹاپ عالمی رینکنگ مصری کھلاڑیوں اور پاکستان کے لیجنڈز کے درمیان اسکواش سیریز کا انعقاد کیا جارہا ہے جو 5 سے 7 اپریل تک کراچی کے پی ایف میوزیم ہوگی۔ اس بات کا اظہار پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر رضی نواب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی جہانگیر خان، سرور سلمان سرور بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ رضی نواب نے کہا کہ عالمی نمبر چار عمر موساد، عالمی نمبر چھ طارق میمن، نمبر سات کریم عبدالگواد، نمبر 17مزین ہشام اور عالمی نمبر 14 علی فاریگ کراچی آرہے ہیں ۔ سیریز کو اسکواش کارنیول کا نام دیا گیا ہے۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان میں پہلی بار اپنی نوعیت کے پہلے گلاس کورٹ پر کھیلی جائے گی۔ پاکستان کی ٹاپ خاتون کھلاڑی ماریہ طور پاکے بھی نمائشی میچ کھیلیں گی۔ جہانگیر خان نے کہا کہ میرے اور جان شیر کے بعد نوجوان نسل نے اس کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کا انہیں کرنا چاہئے تھا ،ہم جیت کا جذبہ لیکر کورٹ میں جاتے تھے۔