کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علمائےاسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی سید عبدالستار شاہ چشتی اورصوبائی معاون کنوینر شیر جان صالح نے کہا ہے کہ مکران ڈویژن بالخصوص گوادر میں بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے، شدیدگرمی میں تمام مکران ڈویژن میں بجلی بند ہے جبکہ پینے کے پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے خطے کی تقدیر بدلنےکے دعویداروں گوادر کے حالت تک بدل نہیں سکے۔انہوں نے کہاکہ گوادر سی پیک کے نام پر کھربوں روپےکے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں لیکن گوادر اور مکران کےعوام اب بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ انتخابات میں ووٹ لینے کے لیے عوام کو سبز باغ دکھانے والے اب کوئٹہ اور اسلام آباد کے ائیرکنڈیشن بنگلوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام نظریاتی عوام کے مسائل پر خاموشی اختیار نہیں کرے گی عوام کے مسائل کے حل مشکلات کے خاتمے کیلئے ہرفلور پر آواز اٹھائی جائیگی۔